چھپرہ (نقیب احمد):سارن کے ایکما بلاک کے رسول پور کے تحت نوادہ گاؤں کی انجلی کماری نے 58ویں نیشنل کراس کنٹری چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔بہار کے بودھ گیا میں منعقدہ مقابلے میں دوسرا مقام حاصل کرکے ملک کی سطح پر ضلع کا نام روشن کیا۔خواتین کی 10 کلو میٹر کراس کنٹری ریس میں پورے ملک کے 29 ریاست،مرکز کے زیر انتظام علاقوں،فوج،ریلوے،آل انڈیا پولیس اور ہندوستان بھر کے دیگر بورڈز کی تقریباً 38 ٹیموں کے 150 دوڑاک نے حصہ لیا۔اس مقابلے میں سلور تمغہ کی فاتح بن کر انجلی نے آئندہ افرو ایشین اور ایشیائی کراس کنٹری کے لیے اپنی شراکت کو یقینی کر لیا ہے۔انجلی کی اس کامیابی پر والد امیش سنگھ اور والدہ منورما دیوی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔اس سے پہلے انجلی رنر کے طور پر کئی تمغے جیت چکی ہیں۔وہ بہار پولیس میں کانسٹیبل کے طور پر فائز ہیں۔اس وقت ان کی پوسٹنگ پٹنہ ضلع میں ہے۔اس کامیابی پر ان کے حوصلے بلند ہیں۔وہ بین الاقوامی مقابلے میں جھنڈا لہرانے اور ملک کا نام روشن کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ان کی اس کامیابی پر ضلع کے کھلاڑیوں اور محبان کھیل میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔انجلی کو مبارکباد دینے کا سلسلہ چل پڑا ہے۔جس میں بہار ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر کم بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز،سارن ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سکریٹری گجیندر سنگھ،امیت سوربھ،ڈاکٹر مکیش سونو،نتیش پانڈے،معراج خان،سوجیت کمار،شیام دیو سنگھ،مکیش سنگھ،سنجے سنگھ،راج کشور تیواری،چندن شاہی،پنکج کشیپ،ونے کمار،راج سنگھ،کمل جیت کمار وغیرہ شامل ہیں۔