تاثیر،۲۴ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں ،24 جنوری: نیشنل روڈ سیفٹی ماہ کے ایک حصّے کے طور پر سلمان عثمان ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ ڈوڈہ نے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ ڈوڈہ کے اشتراک سے ڈوڈہ میں بیداری کیمپ کا انعقاد کیا۔بیداری پروگرام میں دو پہیہ چلانے والوں میں مفت ہیلمنٹ تقسیم کئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ ،ایس ایس پی عبدالقیوم ،اے ڈی سی روی بھارتی نے دو پہیہ چلانے والوں میں ہیلمنٹ تقسیم کئے۔جبکہ اے آر ٹی او ڈوڈہ نے شرکاء کو روڈ سیفٹی ماہ کے حوالے سے تفصیلی جانکاری دی۔اس موقع پر ڈی سی ڈوڈہ نے بتایا کہ ملک بھر میں روڈ سیفٹی ماہ منایا جا رہا ہے اسی مناسبت سے ضلع ڈوڈہ میں قومی شاہرہ ،اندرونی رابطہ سڑکوں ،عوامی مراکز پر بیداری پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔ٹو ویلر میں بیداری کو عام کرنے اور اْن کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے آج قصّبہ ڈوڈہ میں پروگرام منعقد کیا گیا۔ اور لوگوں کو ٹریفک قوانین روڈ سیفٹی پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی گئی، اْنہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ضلع میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے تندہی سے کام کر رہی ہے۔گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے اور لوگوں کو بھی محفوظ ڈرائیونگ کے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے۔ تاکہ ضلع میں سڑک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔سلمان عثمان ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ ڈوڈہ کے ایم ڈی ذاکر بٹ نے بتایا کہ اْنہوں نے روڈ سیفٹی ماہ کے ایک حصّے کے طور پر ایم وی ڈی کے اشتراک سے بیداری پروگرام منعقد کیا اور موٹر سائیکل سکوٹی چلانے والوں میں مفت ہیلمنٹ تقسیم کئے۔

