تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ ،10جنوری:سمرالہ پنجاب میں شدید سردی کے باعث سمرالہ کے نواحی گائوں ناگارہ میں گزشتہ رات کھانا پکانے کے دوران زہریلی گیس بھرنے سے میاں بیوی کی حالت بگڑ گئی اور ان کا دو سالہ معصوم بچہ دم توڑ گیا۔ یہ حادثہ رات تقریباً 9 بجے اس وقت پیش آیا جب انمولک سنگھ (27) اپنی بیوی سمن پریت کور اور 2 سالہ بیٹے ارمان کے ساتھ رات کا کھانا کھانے کے بعد سردی کی وجہ سے سونے کے کمرے میں چمنی کو گرم کرنے لگے۔ کچھ دیر بعد چمنی سے کمرے میں پیدا ہونے والی زہریلی گیس ان تینوں ارکان تک پہنچ گئی اور ان کی حالت خراب ہونے لگی۔ واقعے کی اطلاع آس پاس کے لوگوں کو پہنچی تو بند کمرے میں بے ہوش پڑے خاندان کے 3 افراد کو باہر نکالا گیا تاہم تب تک 2 سالہ ارمان دم توڑ چکا تھا۔ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور تمام افراد کو سول ہسپتال سمرالہ لایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو مردہ قرار دے دیا تاہم ابتدائی علاج کے بعد میاں بیوی کو چندی گڑھ ریفر کر دیا گیا۔ بروقت علاج سے میاں بیوی کی حالت صبح تک بہتر ہوگئی۔