شری رام مندر کے افتتاح کے دن ممتا پوجا پاٹھ کے ساتھ ہی مسجد میں چادر بھی چڑھائیں گی

تاثیر،۱۹ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 19 جنوری : مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایودھیا میں شری رام مندرپران پرتیشٹھا کے دن 22 جنوری کو دارالحکومت کولکاتا سمیت پوری ریاست میں خیر سگالی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ خود کولکاتا میں ریلی کی قیادت کریں گی ۔ اس دوران وہ جہاں پوجا پاٹھ کریں گی وہیں اسکوٹر پر سوار ہو کر چادر چڑھانے کے لییمسجد جائیں گی۔ ترنمول کانگریس کے ایک لیڈر نے جمعہ کو اس کی جانکاری دی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ریلی وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ سے کچھ فاصلے پر ہازرا موڑ سے شروع ہو کر پارک سرکس گراونڈ پر اختتام پذیر ہوگی۔ ریلی کے آغاز سے پہلے وہ کالی گھاٹ مندر میں پوجا کریں گی۔ اس کے بعد وہ ریلی کی قیادت کرنا شروع کر دیں گی۔ 3:30بجے ہازرہ روڈ سے ہوتے ہوئے مسلم اکثریتی علاقہ پارک سرکس پہنچیں گی۔ یہاں ممتا ہازرہ لا کالج کے قریب مسجد میں جانے کے لئے اسکوٹر کا سہارا لیں گی اور چادر چڑھائیں گی ۔ اس کے بعد وہ ریلی میں واپس آئیں گی۔ قریب ہی ایک چرچ ہے۔ وہ وہاں بھی جا کر پریئر کریں گی ۔ مرکزی ریلی مسلم اکثریتی علاقہ پارک سرکس کے میدان میں منعقد کی جانی ہے جہاں ممتا بھی خطاب کریں گی۔
قابل ذکر ہے کہ 22 جنوری کو سدبھاونا ریلی کے ذریعے وزیر اعلیٰ نے تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلنے کا پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم مذہب کی بنیاد پر امتیاز پر یقین نہیں رکھتے۔ اسی لیے ہم خیر سگالی ریلی کا انعقاد کر رہے ہیں۔