عراق میں عین الاسد کے اڈے پر 20 سے زیادہ میزائلوں سے حملہ

تاثیر،21جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بغداد ،21جنوری : غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے عراق میں امریکی افواج کے اڈوں پر حملوں کے تسلسل میں الانبار کے مغرب میں واقع عین الاسد بیس پر دوبارہ میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ایک سکیورٹی ذریعے نے العربیہ/الحدث کو بتایا کہ حملے میں عراقی انبار گورنری میں عین الاسد کے اڈے کو 20 سے زیادہ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔دو سکیورٹی ذرائع اور ایک حکومتی ذریعے نے بتایا کہ حملہ آوروں نے عین الاسد ایئر بیس پر امریکی فورسز پر کئی میزائل داغے۔العربیہ/الحدث کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ اس علاقے میں حفاظتی معائنہ کیا گیا جہاں سے عین الاسد کی طرف راکٹ داغے گئے۔نامہ نگار نے کہا کہ حزب اللہ اور تحریک النجابہ ملیشیا نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ایک امریکی اہلکار نے انکشاف کیا کہ حملے کے نتیجے میں عراقی اڈے پر موجود دو امریکی معمولی زخمی ہوئے۔ متعدد عراقی سکیورٹی فورسز کے ارکان شدید زخمی ہوئے۔اکتوبر کے وسط سے اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ شروع ہونے کے دس دن بعد امریکی افواج اور بین الاقوامی اتحادی افواج کے مراکز پر میزائلوں اور ڈرونزسے سیکڑوں حملے کیے گئے ہیں۔واشنگٹن نے 17 اکتوبرسے عراق اور شام میں اپنی افواج کے خلاف 106 سے زیادہ حملوں کا اعتراف کیا ہے۔ان میں سے زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری “عراق میں اسلامی مزاحمت” نے قبول کی تھی، جو حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی امریکی حمایت پر اعتراض کرتی ہے۔