غزہ میں اسرائیلی فوج کی شدید بمباری سے مزید 165فلسطینی ہلاک

تاثیر،21جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

غزہ، 21 جنوری :غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 165فلسطینی شہید ہوگئے۔ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں نصر اور العمل اسپتال کے قریب شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ رفح اور بریج کیمپ پر حملے میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 25 ہزار تک پہنچ گئی۔اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے سے 22 فلسطینیوں کو حراست میں لیا، مزید برآں جنوبی لبنان پر ڈرون طیارے سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے 2 ارکان شہید ہوگئے۔اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 85 فیصد آبادی بے گھر ہوچکی ہے جبکہ تباہی کے بعد قحط اور بیماریاں پھیلنے کے خدشات ہیں۔یونیسیف نے کہا کہ غزہ میں جنگ کے دوران 20 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی، جنگ زدہ علاقوں میں بچے کی پیدائش ایک اور زندگی کو جہنم میں ڈالنے کے مترادف ہے۔