فضائی آلودگی روکنے کیلئے بہار سرکار احکامات پر ضلع انتظامیہ نے تعمیر کرایا نیم کوریڈور

تاثیر،۲ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) ضلع میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو روکنے کیلئے یہاں ایک نیم کوریڈور کا تعمیر کیا گیا ہے ۔ سہسرام-دریگاؤں روڈ پر کیمور پہاڑیوں کے دامن میں واقع کرسروا پنچایت میں نیم کاریڈور بنایا گیا ہے جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا ۔ آہستہ آہستہ ضلع میں نیم کے درختوں کی تعداد کم ہو رہی تھی۔ ایسے میں یہ راہداری بہت اہم ثابت ہوگی ۔ سبھی جانتے بھی ہیں کہ نیم کا درخت دواؤں کی خصوصیات سے بھرپور ہوتا ہے اسلئے بہار سرکار و ضلع انتظامیہ نے نیم کوریڈور کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر لیا ‌۔ متذکرہ نیم کوریڈور تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر بنایا گیا ہے جو منریگا کاریڈور کہا جا سکتا ہے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے آس پاس کے دیہات کے لوگ بہت خوش ہیں لوگوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب یہاں ضلع میں سب سے زیادہ پرانے نیم اور پیپل کے درخت نظر آتے تھے تب فضائی آلودگی کا کوئی خطرہ نہیں تھا، کیونکہ کیمور کی پہاڑیوں سے لیکر میدانی علاقوں تک صرف پیپل اور نیم کے درخت ہی سب سے زیادہ نظر آتے تھے، لوگ اپنے دانت بھی نیم سے دھوتے تھے لیکن رفتہ رفتہ داتون کا رواج ختم ہو گیا، صورتحال یہ ہے کہ پیپل اور نیم کے دونوں پودے نہ ہونے کے برابر ہو گئے ہیں ۔ بہار سرکار کے احکامات پر ضلع انتظامیہ نے نیم کوریڈور میں تقریباً 600 نیم کے پودے لگائے ہیں۔ جب یہ پلانٹ تیار ہو جائیگا تو لوگوں کو صاف ہوا ملیگی ۔ جب نیم کوریڈور مکمل طور پر تیار ہو جائیگا تو یہ 20 کلومیٹر کے فاصلے پر فضائی آلودگی کو روکنے میں مددگار ثابت ہو گا ۔