قومی کونسل کا ممبئی اردو کتاب میلہ2024 اردو میلے کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا, ڈاکٹر ظہیرقاضی”

“ممبئی کے محبان اردو قومی کونسل کے اردو کتاب میلے کو زبردست کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ اجمل سعید”
 “قومی کونسل کی اردو کتاب میلے کے سلسلے میں مراٹھی پترکار سنگھ میں پریس کانفرنس کا انعقاد”
ممبئی  ٣ جنوری:(یواین آئی)
ممبئی میں ہفتہ  6،جنوری سے قومی کونسل اور انجمن اسلام کے زیر اہتمام ہونے والے  ممبئی اردو کتاب میلہ2024سے قبل انجمن کے صدر ڈاکٹر ظہیرقاضی نے کہاکہ اردوکتاب  میلہ اردو میلے  کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
جنوبی ممبئی میں ممبئی مراٹھی پتر کار سنگھ میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور انجمن اسلام کی جانب سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے قومی کونسل کے اردو کتاب میلہ  کے انچارج افسر  اجمل سعید نے آغاز میں قومی کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر دھننجے سنگھ کی جانب سے تمام محبان اردو کو اردو کتاب میلے کی کامیابی کی پیشگی مبارکباد دی،اور ان کی جانب سے میلے کی کامیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
صدر انجمن اسلام ڈاکٹر ظہیر قاضی نے قومی کونسل کے اردو کتاب میلے میں انجمن اسلام کے اشتراک کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ انجمن اپنے تمام تر ذرائع وسائل سے اس میلے کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی اور اس میں ممبئی کے تمام محبان اردو کا تعاون حاصل ہے۔
اس موقع پراردو کتاب میں لے کے افیسر انچارج اجمل سعید نے اردو کتاب میلوں کی تاریخ اور موجودہ میلے کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ” یہ قومی کونسل کی تاریخ کا سب سے کامیاب میلہ ہوگا اور اس میں تقریبا ڈیڑھ سو سے زائد پبلشرز حصہ لیں گے.
انہوں  نے ممبئی اور اطراف کی تمام اردو اداروں، تنظیموں اور انجمن اسلام کے علاوہ دیگر ادارے جیسے انجمن خیر الاسلام وغیرہ کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
میلے کے پہلے دن اغاز میں چھ جنوری کو افتتاحی سیشن کی ذمہ داری سنبھالنے والے گل بوٹے ادارے کے ذمہ دار فاروق سید نے میلے کے منتظمین کی جانب سے مہاراشٹر سرکار اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے شعبہء تعلیم سے جی آر نکلنے پر اظہار مسرت کیا۔اور واضح کیا کہ اس جی آر کی رو سے طلبہ اور اساتذہ کو میلے میں حاضری سے کوئی دقت یا پریشانی نہیں ہوگی۔انہوں نے افتتاحی پروگرام میں تقریبا دس ہزار طلباء کی شرکت کا ہدف مقرر کیا ہے۔
 اس کے علاوہ ممبرا ،تھانہ  بھیونڈی  کلیان، کوکن ان علاقوں سے بھی  میلے میں بڑی تعداد میں شرکا ء اور طلبہ اس میلے میں شریک ہوں گے۔
انہوں  نے مزید کہا کہ اردو ذریعہ تعلیم سے اپنے مستقبل کو روشن کرنے والے طلبہ کی اس میلے کے مختلف مقابلوں میں حصہ داری رکھی گئی ہے۔
فرید احمد خان صدر اردو کارواں نے خاص طور پر میلے میں نو دن کے اہم پروگراموں پر روشنی ڈالی اس میلے میں دو مشاعروں کا انعقاد ہوگا، جن میں ایک مشاعرہ نو جنوری کی شام کو ہوگا،جس کی ذمہ داری اردو کارواں کی ہے ،اور دوسرا مشاعرہ میلے کے آخری دن 14 جنوری کی شام میں ہوگا جس کی ذمہ داری پاسبان ادب کو سونپی گئی ہے۔
اس پریس کانفرنس میں نائب صدر انجمن اسلام ڈاکٹر شیخ عبداللہ اور ڈاکٹر قاسم امام  خاص طور پر شریک تھے۔