مدھیہ پردیش میں شدید سردی، جموں اور دھرم شالہ سے بھی زیادہ سرد ریاست کے شہر

تاثیر،۲۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 23 جنوری:شمال سے آرہی برفیلی ہواوں نے پورے مدھیہ پردیش میں سردی بڑھا دی ہے۔ دتیا، گوالیار، راج گڑھ، کھجوراہو، ریوا اور پچمڑھی کی راتیں شملہ، جموں، دھرم شالہ-دہرہ دون سے بھی زیادہ سرد ہوتی جا رہی ہیں۔ دتیا میں درجہ حرارت گر کر 2.8 ڈگری تک پہنچ گیا ہے جبکہ دیگر شہروں میں پارہ 5 ڈگری سے نیچے ہے۔ گوالیار، جبل پور، کھجوراہو، نوگاوں جیسے کئی شہر دن کے وقت بھی کانپ رہے ہیں۔ ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ ایک دو روز تک موسم ایسا ہی رہے گا۔ 26 جنوری کے بعد دن اور رات کے درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
پیر کو بھی ریاست کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کا اثر رہا۔ گوالیار اور کھجوراہو میں کولڈ ڈے ریکارڈ کیا گیا۔ کھجوراہو ریاست میں سب سے سرد رہا۔ یہاں ایک ہی دن میں پارہ 5.6 ڈگری گر کر 13.6 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ گوالیار میں درجہ حرارت 15.2 ڈگری سیلسیس رہا۔ کئی شہروں میں سرد لہر کا اثر بھی دیکھا گیا۔
بڑے شہروں کی بات کریں تو گوالیار سب سے زیادہ سرد رہا۔ بھوپال میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24.3 ڈگری، اندور میں 23.8 ڈگری، جبل پور میں 23.8 ڈگری اور اجین میں 24.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کو ریاست کے 18 شہروں میں دن کا درجہ حرارت 25 ڈگری سے کم رہا۔ نوگاوں میں 18 ڈگری، ٹیکم گڑھ میں 18.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ریوا، رائسین، ملاجکھنڈ، ستنا، سیدھی، ساگر، شاجاپور، پچمڑھی، دھار، گنا، نرسنگھ پور، چھندواڑہ، شیو پوری، امریا میں پارہ 25 ڈگری سے نیچے رہا۔ منڈلا میں سب سے زیادہ 27.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔