تاثیر،۵ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
مشن کی کامیابی کے لیے ضلع سطح پر تشکیل دی جائے گی ٹیم : سول سرجن
چھپرہ(نقیب احمد)
صدر اسپتالوں میں بنیادی خدمات کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے چلائے جانے والے مشن 60 ڈیز کے خطوط پر اب محکمہ صحت دیہی علاقوں میں واقع صحت مراکز کی بہتری کے لیے مشن بنیااد چلائے گا۔اس کے تحت صحت کے ذیلی مراکز میں عام لوگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔اس سلسلے میں محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پرتیہ امرت نے محکمہ صحت کے افسران کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔مذکورہ معلومات سول سرجن ڈاکٹر ساگر دلال سنہا نے دیتے ہوئے بتایا کہ مشن بنیاد کے تحت ضلع کے تمام پی ایچ سی،اے پی ایچ سی اور ایچ ایس سی پر دستیاب خدمات کو بہتر بنانا ہے۔مشن بنیاد کے تحت دیہی علاقوں میں واقع اسپتال کی عمارتوں کو خوبصورت بنانے،صفائی کے بہتر انتظامات،ضرورت کے مطابق تمام ضروری آلات،ادویات،ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔تاہم اس مہم کو مشن موڈ میں چلایا جانا ہے۔مشن بنیاد کی کامیابی کے لیے ضلع سطح کے افسران کی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔جو متعلقہ کاموں کی نگرانی اور اس کی بہتری کا ذمہ دار ہوں گے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے ڈی پی ایم اروند کمار نے کہا کہ مشن بنیاد کے تحت دیہی علاقوں میں واقع صحت مراکز پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانا ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے ضلع میں تمام HSCs اور APHCs کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک چلانے کو یقینی بنانے کے احکامات موصول ہوئے ہیں۔فی الحال کمیونٹی ہیلتھ آفیسر کی کمی کے پیش نظر تمام افسران کو اپنے ہیلتھ سب سنٹر کے علاوہ ایک اور قریبی ہیلتھ سب سنٹر کا اضافی چارج دینے کا حکم دیا گیا ہے۔تاکہ ہفتے میں کم از کم تین دن دونوں مراکز پر طبی کام مکمل ہو سکے۔سی ایچ اوز اور ہیلتھ سب سنٹرز میں تعینات اے این ایم کی تمام قسم کی ڈیپوٹیشن کو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ڈی پی سی رمیش چندر کمار نے بتایا کہ مشن بنیاد کے تحت صحت کے ذیلی مراکز میں اہلکاروں کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔جس کے حوالے سے محکمہ صحت سے احکامات موصول ہو گئے ہیں۔صحت اور بہبود کے مرکز کی سطح پر حادثاتی رجسٹر کو برقرار رکھا جائے گا۔بلاک سطح پر آشا اور اے این ایم کی میٹنگ دو ہفتوں میں ایک بار ہوگی۔اسی طرح محکمہ جاتی سطح سے سی ایچ او کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایات بھی موصول ہوئی ہیں۔