ملک کی پہلی میک ان انڈیا چپ گجرات میں بنے گی: اشونی ویشنو

تاثیر،۱۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

گاندھی نگر، 11 جنوری: مرکزی ریلوے، مواصلات اور الیکٹرانکس اور آئی ٹی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے ساتھ شروع ہوئی وائبرینٹ گجرات سمٹ ایک ایسا ماڈل ہے جس کی وجہ سے گجرات میں نئی ٹیکنالوجی اور نئی صنعتیں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پہلی میک ان انڈیا چپ سال 2024 میں گجرات میں تیار کی جائے گی۔
مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے یہ باتیں 10ویں وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ کے دوسرے دن جمعرات کو گاندھی نگر کے مہاتما مندر میں منعقدہ سیمی کنڈکٹر اینڈ الیکٹرانکس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔مرکزی وزیر ویشنو نے گجراتی زبان میں ‘کیم چھو’ کہہ کر اپنے خطاب کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس چوٹی کانفرنس میں جس طرح کے مفاہمت ناموں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ،وہ ترقی یافتہ ہندوستان بننے کی شروعات ہے۔ گجرات میں وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کو نافذ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے کہا کہ گجرات سیمی کنڈکٹر پالیسی جاری کرنے والی ملک کی پہلی ریاست ہے ۔ ہندوستان میں ٹیکنالوجی کا دائرہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ صحت ، زراعت ہو یا لاجسٹکس، انسانی زندگی کو چھونے والے تمام شعبوں میں اسمارٹ ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی ) اور مصنوعی ذہانت (اے آئی ) ہماری روزمرہ زندگی میں داخل ہو رہے ہیں۔ سیمی کنڈکٹر چپس اور الیکٹرانکس گیجٹس ان تمام جدید ٹیکنالوجیز کا مرکز ہیں اور دنیا کو اس سلسلے میں ایک قابل اعتماد چپ سپلائی چین کی ضرورت ہے۔
ہندوستان دنیا کو سیمی کنڈکٹرز اور الیکٹرانکس کے لیے ایک مضبوط سپلائی چین فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، اور گجرات اس میں اہم شراکت ادا کر سکتا ہے۔ اس کے لیے گجرات کا روڈ میپ پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گجرات دنیا کے تمام ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے کہ اے آئی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، بائیوٹیک، فنٹیک، ڈرونز اور سیمی کنڈکٹرز میں آگے رہنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تحریک سے شروع ہونے والی وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ کی مسلسل کامیابی نے آج گجرات کو نیٹ ورکنگ اور نالج شیئرنگ کا ایک عالمی پلیٹ فارم بنا دیا ہے اور اب حکومت کا ارادہ ریاست کو ’گیٹ وے ٹو دی فیوچر‘ بنانے کاہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر اینڈ الیکٹرانکس کا یہ سیمینار بھی اسی مناسبت سے ہے۔
سیمینار میں امریکی چپ کمپنی مائیکرون کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) سنجے مہروترا نے ریاستی حکومت اور حکومت ہند کے بے مثال تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت میں ایک مضبوط سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کی تعمیر ہوگی۔
سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس سیمینار میں حکومت گجرات اور کورین کمپنی سمٹیک کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ مزید برآں، مائیکرون اور نینٹیک اور سسکو اور نینٹیک کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔