ممتا بنرجی نے نیتا جی جینتی پر خراج عقیدت پیش کیا

تاثیر،۲۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 23 جنوری :ہندوستانی جدوجہد آزادی کے لافانی فرزند نیتا جی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ منگل کی صبح وزیر اعلیٰ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’ایکس ‘پر نیتا جی کی تصویر کے ساتھ ایک پوسٹ لکھا۔ اس میں انہوں نے لکھا ہے کہ پوری دنیا کی شان نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت اور سلام ۔
نیتا جی سبھاش چندر بوس 23 جنوری 1897 کو کٹک، اڑیسہ کے ایک بنگالی خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ’’تم مجھے خون دو، میں تمہیں آزادی دوں گا‘‘، ’’جے ہند-جکے بھارت‘‘ اور ’’دلی چلو‘‘ جیسے نعروں سے ملک کے نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کیا۔
ابتدا میں وہ آزادی کی جنگ میں مہاتما گاندھی کے ساتھ تھے لیکن بعد میں انہوں نے علیحدگی اختیار کر لی اور انگریزوں کے خلاف لڑنے کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے سال 1939 میں فارورڈ بلاک قائم کیا اور اس کے بعد 21 اکتوبر 1943 کو آزاد ہند فوج تشکیل دی اور انگریزوں کے خلاف مسلح جنگ لڑی۔