تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
چھپرہ(نقیب احمد)
میونسپل کارپوریشن کی ریٹرننگ آفیسر کم ڈی ڈی سی پرینکا رانی نے امیدواروں کے ساتھ میٹنگ کی۔انتخابی ضابطہ اخلاق کے حوالے سے امیدواروں کو تفصیلی معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پر مکمل طور پر عمل کرنا لازمی ہے۔خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قواعد کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر انتخاب کو صاف،منصفانہ،شفاف،خوف و ہراس سے پاک اور پرامن ماحول میں کرانے اور الیکشن کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے انتخابی عمل کے دوران تشہیر کے اخراجات،رشوت ستانی،غیر قانونی شراب کا استعمال،سماج دشمن عناصر کی نقل و حرکت وغیرہ پر نظر رکھنے کے لیے ڈی ایم نے فلائنگ اسکواڈ اور اسٹیٹک سرویلانس ٹیم تشکیل دی ہے۔یہ ٹیم ہر امیدوار کو نگرانی پر رکھے ہوئے ہے۔کسی بھی بے ضابطگی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔نیز انچارج پولیس افسر 24 گھنٹے کے اندر کیس عدالت میں پیش کریں گا۔قصوروار کو ایک سال قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ہر فلائنگ اسکواڈ کی گاڑی پر پبلک اناؤنسمنٹ سسٹم نصب کیا جائے گا جس کے ذریعے لوگوں کو بھی ضابطہ اخلاق کی معلومات دی جائیں گی۔فلائنگ اسکواڈ رشوت دینے اور لینے والوں اور ووٹر کو ڈرانے یا لالچ دینے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کرے گا۔ڈی ڈی سی نے اسٹیٹک سرویلانس ٹیم کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔کہا کہ اسے حلقہ کے تمام سرحدی علاقوں پر تعینات کیا گیا ہے۔اس کی نظر ہر مشکوک سرگرمی پر ہے۔میٹنگ میں آر او نے ڈی ٹی او کو ہدایت کی کہ فلائنگ اسکواڈز اور اسٹیٹک سرویلانس ٹیموں کی گاڑیوں میں جی پی آر ایس ٹریکنگ یونٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔ٹیم کو امیدواروں کی سرگرمیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے امیدواروں سے کہا کہ ایک اصول کے مطابق ان کے لیے اخراجات سے متعلق رجسٹر کو تین بار چیک کرنا لازمی ہے۔جلسے جلوس کے لیے پیشگی اجازت لینا ہو گی۔اس کے علاوہ متعلقہ تھانے کو بھی اس بارے میں مطلع کرنا ہوگا۔عوامی مقامات یا نجی گھروں پر پوسٹرز اور بینرز لگانا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔تفتیش کے دوران پکڑے جانے پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔میٹنگ میں ڈپٹی الیکشن آفیسر جاوید اقبال،ڈی پی آر او راجو کمار،پبلک ریلیشن آفیسر کنہیا کمار،اسسٹنٹ کمشنر کمرشل ٹیکس وغیرہ موجود تھے۔

