نئے سال پر پکنک منانے نکلے آدتیہ پور کے چھ نوجوانوں کی سڑک حادثہ میں موت

تاثیر،۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سرائی کیلا، یکم جنوری : نئے سال کا پہلا دن سرائی کیلا-کھرساواں ضلع کے تحت آدتیہ پور میں باباکوٹی آشرم کے لوگوں کے لیے سوگ سے بھرا رہا۔ آدتیہ پور کے آر آئی ٹی تھانہ علاقہ کے تحت باباکوٹی کے چھ نوجوانوں کی پیر کی علی الصبح بشتو پور تھانہ کے سائی مندر چکر کے قریب سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق نئے سال کے موقع پر انڈیگو کار میں آٹھ نوجوان پکنک منانے میرین ڈرائیو کی طرف جا رہے تھے۔ اس دوران بے قابو کار کھمبے سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے کار میں سوار تمام آٹھ نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے۔ کار میں سوار پانچ نوجوانوں شبھم کمار، سورج شاہ، انیرودھ پرساد یادو، انیکیت کمار، ہیمنت کمار سنگھ اور پیوش عرف ٹکٹک کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک نوجوان کی ایم جی ایم میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔ کار میں سوار ہرش کمار جھا اور روی جھا زخمی ہوگئے، جنہیں بہتر علاج کے لیے ٹی ایم سی ایچ اور اسٹیل سٹی ریفر کیا گیا ہے۔ دونوں نوجوان اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہیں۔
ایک ہی محلے میں رہنے والے یہ تمام دوست 31 دسمبر کی رات باباکوٹی کے ایس روڈ پر نئے سال کی پکنک کی تیاری کے لیے جمع ہوئے تھے۔ سب نے جشن کے ساتھ پرانے سال کو الوداع کیا۔ رات کو تمام نوجوانوں نے مل کر لٹی چوکھا تیار کیا۔ اس کے بعد صبح سب سورج کی گاڑی میں پکنک پر نکل گئے۔