وزیر قانون آتشی نے جوڈیشل آفیسرز رہائشی کمپلیکس، سیکٹر-19 دوارکا میں ہونے والے ناقص تعمیراتی کام پر افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی

تاثیر،۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وزیر قانون آتشی نے ساختی نقائص پر سخت ایکشن لیا جو تعمیراتی کام مکمل ہونے سے پہلے ہی عمارتوں میں ظاہر ہونا شروع ہو گئے

نئی دہلی، 3 جنوری: وزیر قانون آتشی نے بدھ کی صبح پی ڈبلو ڈی اور محکمہ قانون کے سینئر افسران کے ساتھ جوڈیشل آفیسرز رہائشی کمپلیکس، سیکٹر-19 دوارکا میں ہونے والے ناقص تعمیراتی کام پر جائزہ میٹنگ کی۔میٹنگ میں، عہدیداروں نے وزیر قانون کے ساتھ اشتراک کیا کہ دوارکا سیکٹر 19 میں جوڈیشل افسران کے لیے 70 فلیٹس کی تعمیر کا کام، جو 2014 میں شروع ہوا تھا، بہت سست رفتاری سے چل رہا تھا اور تعمیراتی کام مکمل ہونے سے پہلے ہی، ساختی خامیاں نمودار ہونے لگی ہیں۔وزیر قانون آتشی نے فوری طور پر اس سنگین مسئلہ کا نوٹس لیتے ہوئے افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دوارکا میں جوڈیشل آفیسرز رہائشی کمپلیکس کے ناقص تعمیراتی کام کے ذمہ دار تمام عہدیداروں کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمارت کے ڈھانچے میں پائے جانے والے نقائص افسران کی لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کا نتیجہ ہیں اور کیجریوال حکومت میں اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کیجریوال حکومت کی ایسی لاپرواہی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی ہے۔ ہدایات دیتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ PWD ذمہ داروں کے خلاف فوری طور پر سخت ترین کارروائی کرے اور مستقبل کے لیے ایک مثال قائم کرے تاکہ آئندہ کوئی ایسی غفلت کرنے کا سوچ بھی نہ سکیں۔