کرکٹرمحمد شامی صدرجمہوریۂ ہند مرمو کے ہاتھوں سے ارجن ایوارڈ سے سرفراز

تاثیر،۹ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،9جنوری: ہندوستان کے معروف کرکٹر محمد شامی ارجن ایوارڈ حاصل کرنے والے 58ویں کرکٹر بن گئے ہیں۔ آج (9 جنوری) انہیں کھیلوں کے اس بڑے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے انہیں اس اعزاز سے نوازا۔سلیم درانی نے کرکٹ کی دنیا میں پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے آخری کرکٹر شیکھر دھون تھے۔ شیکھر کو یہ اعزاز 2021 میں ملا تھا۔ پچھلے سال کسی کرکٹر کو اس ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں کیا گیا تھا، لیکن اس بار شامی نے یہاں اپنی جگہ بنائی ہے۔ محمد شامی کے ساتھ 23 دیگر کھلاڑیوں کو بھی ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔33 سالہ فاسٹ بولر محمد شامی کے لیے سال 2023 شاندار رہا۔ انہوں نے سال کے آخر میں منعقدہ ونڈے ورلڈ کپ میں ا پنی تباہ کن بالنگ سے مخالف ٹیم میں ہلچل مچا دی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے 4 میچ نہ کھیلنے کے باوجود شامی نے 24 وکٹیں حاصل کی۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولربھی بنے۔ ورلڈ کپ میں اس کارکردگی کے عوض انہیں ارجن ایوارڈ کی شکل میں صلہ ملا۔محمد شامی نے تالیوں کی گرج کے درمیان یہ ایوارڈ وصول کیا۔آج صبح 11 بجے سے راشٹرپتی بھون میں قومی کھیل ایوارڈ کی تقریب شروع ہوئی۔بعد ازاں گزشتہ سال مختلف کھیل کے شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔بیڈمنٹن کی نمبر 1 مردوں کی جوڑی ستوک اور چراغ کو کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سال 2023 ان دونوں کے لیے یادگار رہا۔ انہوں نے گزشتہ سال ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ ایشیائی کھیلوں کے بیڈمنٹن مقابلے میں یہ ہندوستان کا پہلا طلائی تمغہ تھا۔ اس کے علاوہ دونوں نے گزشتہ سال ایشین چمپئن شپ، انڈونیشیا سپر 1000، کوریا سپر 500 اور سوئس سپر 300 کے ٹائٹل بھی جیتے تھے ۔