تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہا، 9 جنوری : مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا کے پرگتی میدان تھانہ علاقے میں پلاسٹک کے گودام میں زبردست آگ لگ گئی ہے۔ کولکاتا پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ بدھ کی صبح تقریباً 3 بجے پلاسٹک کے ایک پرانے گودام میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ بسنتی ہائی وے پر کوئلے کے ڈپو کے قریب ایک گودام واقع ہے۔ اس کے اردگرد چھوٹی بڑی دکانیں ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فائر ڈیپارٹمنٹ کی تین گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پانی سے چاروں طرف سے آگ بجھانے کا کام شروع کیا گیا تاہم پلاسٹک کی اشیا کی موجودگی کی وجہ سے آگ کے شعلے بڑھتے گئے۔ صبح گیارہ بجے خبر لکھے جانے تک مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا تھا۔ اس وقت فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔ کولکاتا میں فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ پلاسٹک کا گودام ہونے کی وجہ سے آگ پر آسانی سے قابو نہیں پایا جا سکا۔ تاہم اسے پھیلنے سے روک دیا گیا ہے اور جلد ہی اسے بجھا دیا جائے گا۔
فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ آگ کس وجہ سے لگی۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایا کہ پولیس کے ساتھ مل کر اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ آگ کیسے لگی۔ اس کے علاوہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں گی کہ گودام کے اندر فائر فائٹنگ سسٹم ٹھوس تھا یا نہیں۔