گیان واپی کیمپس کے ویاس تہہ خانے میں ملی پوجا کی اجازت

تاثیر،۳۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 31 جنوری :ضلعی عدالت نے ہندو فریق کو گیانواپی کمپلیکس میں واقع ویاس جی کے تہہ خانے میں پوجا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ جج ڈاکٹر اجے کرشنا وشویش نے بدھ کو اس کے لیے حکم جاری کیا۔ اس معاملے میں دونوں پارٹیوں کے درمیان بحث منگل کو ہی مکمل ہو گئی۔ ڈسٹرکٹ جج نے اپنا فیصلہ آج کے لیے محفوظ کر لیا تھا۔

مدعی شیلیندر ویاس نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ان کے نانا سومناتھ ویاس کا خاندان 1993 تک تہہ خانے میں باقاعدہ پوجا کیا کرتا تھا۔ 1993 سے تہہ خانے میں پوجا کی خدمات بند ہو گئیں۔ اس وقت یہ تہہ خانہ انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کے پاس ہے۔ تہہ خانے کو ڈی ایم کے حوالے کیا جائے اور وہاں دوبارہ پوجا شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت کے 17 جنوری کے حکم کے بعد ڈی ایم نے 24 جنوری کو تہہ خانے کا قبضہ حاصل کر لیا۔ اس پر مدعا علیہ فریق انجمن انتظامیہ نے اعتراض کرتے ہوئے دلیل دی تھی کہ 17 جنوری کے حکم نامے میں عدالت نے صرف ریسیور مقرر کرنے کا ذکر کیا ہے۔ اس میں پوجا کے حقوق کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ اس لیے کیس کو طے شدہ سمجھ کر خارج کر دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔