تاثیر،۱۹ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
گونڈہ، 19 جنوری:گونڈہ۔ لکھنؤ ہائی وے پر جمعہ کی صبح جروال بھولیا پور کے قریب لکھنؤ سے گیس سلنڈر لے کر گونڈہ جا رہا ایک ٹرک گھنے کہرہ کی وجہ سے بے قابو ہو کر حادثہ کا شکار ہو گیا۔ ٹرک کے الٹنے کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی اور پھر ایک ایک کرکے سلنڈر پھٹنے لگے۔
دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ آس پاس کے علاقوں میں دھماکے کی آواز سن کر لوگ بھاگنے لگے۔ سلنڈر پھٹنے کے بعد اس کے ٹکڑے تقریباً 500 میٹر تک گر رہے تھے جس کی وجہ سے گونڈہ۔ لکھنؤ ہائی وے کئی گھنٹوں تک درہم برہم رہی۔ دونوں سروں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
جروال روڈ تھانہ انچارج ونود کمار فورس کے ساتھ پہنچے۔ کرنل گنج پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ آس پاس کے گاوں کو خالی کرا لیا گیا۔ جائے وقوعہ سے دو کلومیٹر دور گاڑیاں روک دی گئیں جس سے ہائی وے پر بڑے پیمانے پر ٹریفک جام ہوگیا۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم پہنچ گئی جہاں کئی گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
تھانہ انچارج ونود کمار نے بتایا کہ گیس سلنڈر سے بھرا ٹرک لکھنؤ سے گونڈہ جا رہا تھا۔ گونڈہ۔لکھنؤ ہائی وے پر جروال بھولیا پور کے قریب سڑک پر صبح گہری کہرہ کی وجہ سے ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا جس سے آگ لگ گئی۔ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
حادثہ کے بعد سلنڈر ایک ایک کر کے زور دار دھماکے سے پھٹنے لگے۔کچھ دیر بعد فائر بریگیڈ نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

