ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی 5ایس ورلڈ کپ کے لیے عمان کے لیے روانہ

تاثیر،۲۵ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بنگلورو، 25 جنوری : ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی 5ایس مردوں کے عالمی کپ کے افتتاحی ایڈیشن میں حصہ لینے کے لیے جمعرات کی صبح بنگلورو کے کیمپ گوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ (کے آئی اے ) سے مسقط، عمان کے لیے روانہ ہوئی۔
2023 مردوں کے ایشین ہاکی 5ایس ورلڈ کپ کوالیفائر کے ایک سنسنی خیز فائنل میں اپنے روایتی حریف پاکستان کو پنالٹی شوٹ آوٹ میں 2-0 (4-4) سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ کو یقینی بناتے ہوئے ہندوستانی ٹیم مصر، جمیکا اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ پول بی میں ہے ۔ میدان میں دیگر ٹیموں میں پول اے میں نیدرلینڈز، نائیجیریا، پاکستان اور پولینڈ شامل ہیں اور پول سی میں آسٹریلیا، کینیا، نیوزی لینڈ اور ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو جبکہ پول ڈی میں فجی، ملیشیا، عمان اور امریکہ شامل ہیں۔
ہندوستان کی مہم کا آغاز 28 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ سے ہوگا جس کے بعد ٹیم اسی دن مصر کا سامنا کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم کا آخری گروپ میچ 29 جنوری کو جمیکا کے خلاف ہوگا۔ کوارٹر فائنل 30 جنوری کو شیڈول ہیں، سیمی فائنل اسی دن اور فائنل 31 جنوری کو ہوگا۔
اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے تجربہ کار فارورڈ سمرن جیت سنگھ (کپتان) اور ڈیفینڈر مندیپ مور (نائب کپتان) کی قیادت میں ہندوستانی مردوں کی ٹیم میں گول کیپر سورج کرکیرا اور پرشانت کمار چوہان شامل ہیں۔ منجیت کے ساتھ مندیپ مور ڈیفنس میں اہم کردار ادا کریں گے جب کہ مڈ فیلڈ کی کمان محمد راحیل موسین اور منیندر سنگھ کے ہاتھ میں ہوگی۔ فارورڈ لائن پون راج بھر، گرجوت سنگھ اور اتم سنگھ پر مشتمل ہے، جو سمرن جیت کی قیادت کی تکمیل کرتے ہیں۔
عمان روانہ ہونے سے پہلے کپتان سمرن جیت سنگھ نے کہا، ’’ایف آئی ایچ ہاکی فائیو مینز ورلڈ کپ میں ہندوستانی مردوں کی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ہم نے اس باوقار ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے، اور میدان میں موجود ہر کھلاڑیاپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ہم چیلنج کے لئے پرجوش ہیں اور اپنے مداحوں کی حمایت سے ہمارا ہدف اپنے ملک کو فخر کے ہمکنار کرنا ہے‘‘۔
نائب کپتان مندیپ مور نے کہا،’’نائب کپتان مقرر ہونا ایک ذمہ داری ہے جسے میں فخر کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔ ہماری ٹیم ایک متحد یونٹ ہے، اور ہم آگے سخت مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ ہم نے کوالیفائرز میں اپناہنر دکھایا ہے اور اب ہم ورلڈ کپ میں مضبوط کارکردگی پیش کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے تعاون سے، ہم عمان میں اپنا نشان چھوڑنے اور سونے کا تمغہ گھر لانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم 28 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف اپنی ایف آئی ایچ ہاکی 5 کے مردوں کے ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی۔