اے ایم یو:پروفیسر عبدالحمید فاضلی کی ایک سالہ مدتِ صدارت پر شعبہ اسلامک اسٹڈیزمیں غیر تدریسی عملہ کی طرف سے مجلسِ تشکّرکا انعقاد

تاثیر،۲۰فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

شعبہ اسلامک اسٹڈیز یونیورسٹی کے قدیم ترین شعبوں میں سے ہے جس کی خدمات کا دائرہ وسیع تر ہے، اس شعبہ سے جو شخصیات وابستہ رہی ہیں وہ بین الاقوامی سطح کی ہیں: محمد عمران، رجسٹرار اے ایم یو
رفقاء کے تعاون کی بغیر کوئی کام انجام نہیں دیا جا سکتا ، مجھے خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے ایسے مخلص رفقاء میسّر کئے جنہوں نے مجھے ہر گام پر تعادن دیا: پروفیسر عبدالحمید فاضلی

(علی گڑھ۲۰؍فروری)

پروفیسر عبدالحمید فاضلی صاحب کی ایک سالہ مدتِ صدارت پر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں غیر تدریسی عملہ کی طرف سے مجلسِ تشکّر شعبہ کے کانفرنس ہال میں ۱۹؍فروری کو منعقد ہوئی جس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے رجسٹرار اے ایم یو نے شرکت کی۔اس موقع پرپروفیسر عبدالمجید خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترم عبدالحمید فاضلی صاحب کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جہاں انہیں علمی قابلت سے نوازا ہے وہیں عملی طور پر ان کی خدمات بھی آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔موصوف نے گذشتہ دنوں اُس وقت شعبہ کی صدارت کا چارج لیا تھا جب یونیورسٹی کووڈ ۱۹ کے حصار سے باہر نکل رہی تھی۔ چونکہ یونیورسٹی کی تعلیمی و تدریسی سرگرمیاں کم و بیش دو سال محدود ہو گئی تھین اور اُن کا عملی نفاذ ۲۰۲۲ کے آخیر میں ہونا شروع ہوا تھا ، ایسے میں کسی نئے پروگرام کا انعقاد ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا تھا ۔ پروفیسر فاضلی صاحب کا امتیاز یہ ہے کہ انہوں نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے نہ صرف یہ کہ تعطّل میں پڑے ہوئے پرانے کاموں کوپوری طرح انجام دیا بلکہ نِت نئے پروگرام وضع کئے۔ آپ کے ایک سالہ دورِ صدارت میں شعبہ نے ہر محاذ پر ترقی کی۔لاائبریری میں اردو ، عربی و انگریزی کے بیشتر رسالوں کی تجدید کرائی گئی جس کی وجہ سے لائبریری کی شان میں اضافہ ہوا، طلبا کی آمد و رفت کثیر تعداد میں ہوئی ، آپ کی کوشش سے بہت سی کتابیں لائبریری کو عطیہ میں ملیں، شعبہ کے زیرِ اہتمام بہت سی کتابوں اور مجلات کی اشاعت عمل میں آئی، تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کے تال میل میں اضافہ ہوا۔
اس موقع پر پروفیسر فاضلی نے غیر تدریسی عملہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رفقاء کے تعاون کی بغیر کوئی کام انجام نہیں دیا جا سکتا ، مجھے خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے ایسے مخلص رفقاء میسّر کئے جنہوں نے مجھے ہر گام پر تعادن دیا۔ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے جملہ رفقاء کا شکریہ ادا کرنا بھی ضروری سمجھتا ہوں کیونکہ ’’ من لم یشکر الناس لم یشکر اللہ‘ کے فرمان نبوی کے موجب یہ میرے لئے ضروری ہے۔
مہمانِ خصوصی جناب محمد عمران (آئی پی ایس) رجسٹرار علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے اسلامک اسٹڈیز میں اپنی آمد کو نیک فال قرار دیتے ہوئے صدرِ شعبہ پروفیسر عبدالحمید فاضلی صاحب کی ایک سالہ کارکردگی اور اپنے غیر تدریسی عملہ کے ساتھ ان کے اخلاص اور شفقت و محبت پر اظہار مسرت کیا ۔ آپ نے فرمایا کہ یہ شعبہ یونیورسٹی کے قدیم ترین شعبوں میں سے ہے جس کی خدمات کا دائرہ وسیع تر ہے۔ اس شعبہ سے جو شخصیات وابستہ رہی ہیں وہ بین الاقوامی سطح کی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ یہ شعبہ اپنے بزرگوں کے متعین کردہ خطوط پر مسلسل گامزن ہے۔ موجودہ صدر اس کے لئے قابل عزّت و لائق احترام ہیں۔ میں ان کو اس کارکردگی پر صدق دل کے ساتھ مبارکباد پیش کرتا ہوں۔مسٹر عمران نے اپنی خطاب میں تعلیمی سرگرمیوں میں ٹیم ورک اور ٹائم منجمنٹ کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے فکر انگیز خطاب فرمایا۔ آپ نے فرمایا کہ کامیابی کے حصول اور محدود وقت کی پابندیوں میں لامحدود ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ٹیم ورک کی بڑی اہمیت ہوتی ہے، مجھے یہ دیکھ کر بے انتہا خوشی ہو رہی ہے کہ صدر شعبہ کا ان کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے ساتھ ایک مشفقانہ ربط ہے۔
ڈاکٹر بلال احمد کٹّی نے گذشتہ ایک سال میں صدر شعبہ کے دورِ اقتدار میں کئے جانے والے علمی کارہائے نمایاں کی تفصیلات پیش کیں۔ آپ نے فرمایا کہ صدر شعبہ کے ہمدردانہ و مخلصانہ روّیہ کے نتیجہ میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں بہت اچھا علمی ماحول وجود میں آیا جس کی وجہ سے سبھی کو پُرسکون کام کرنے کا موقع ملا۔ آپ نے وفیسر عبدالحمید فاضلی کے ایک سالہ دورِ صدارت میں شعبہ میں تعلیمی سرگرمیوںاور تزئین کاری کی تفصیلات پیش کیں۔
اپنی استقبالیہ تقریر میں ڈاکٹر محمد پرویز ریسرچ اسسٹنٹ نے اِس تقریب کے انعقاد کے اغراض و مقاصد کو بتاتے ہوئے کہا کہ آج کی اس محفل ’’مجلس تشکّر‘‘ کے انعقادکا مقصد شعبہ کے چیرمین محترم جناب پروفیسر عبدالحمید فاضلی صاحب کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنی ایک سالہ مدتِ صدارت میں اِس ڈیپارٹمنٹ میں جو نمایاں خدمات انجام دی ہیں اُس کا اعتراف کرنا اور اُنہیں تشکر پیش کرنا ہے ۔ گذشتہ ایک سال میں چیرمین صاحب نے اِس ڈیپارٹمنٹ میں کئی قومی اور بین الاقوامی کانفرنسیز، سیمینار اور ورکشاپ منعقد کئے اور ہر پروگرام میں آپ نے غیرتدریسی عملے کی خدمات کو سراہا اور اُن کی حوصلہ افزائی کی ، یہاں تک کہ غیر تدریسی عملے کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُنہیں’ بہترین ملازمین‘ کے اسناد ومومنٹو زدیکر اُن کی حوصلہ افزائی کی ۔آپ کے اس اقدام سے اسٹاف کے اندر کافی اعتمادبحال اہوا ہے اور اُن کی بہت زیادہ حوصلہ افزائی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں اُن کے اندر کام کرنے کے جوش و جذبے میں مزید اضافہ ہوا ہے اور گام پر پہلے سے زیادہ مستعد اور فعال نظر آرہے ہیں۔
اس پروگرام میں انوار الدین بلخی، عادل حسین، نصرت شکیل نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ پروگرام کا آغاز محمد ارشاد آفس اسٹاف کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ لائبریری انچارج انیس احمد سیوانی نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دئے۔، اظہارِ تشکر محمد بدر الزماں خاں نے پیش کیا۔پورے پروگرام کے دوران شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے چیرمین پروفیسر عبدالحمید فاضلی صاحب کی ایک سالہ مدت صدارت میں ان کی خدمات کو تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے اراکین دونوں نے سراہا اور ان کا اعتراف کیا۔اس پروگرام میں شعبہ کے اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی اور رجسٹرار صاحب کے علاوہ تمام شرکاء نے اس منفرد پروگرام کی تعریف و تحسین کی اور مبارکباد پیش کی۔