تاثیر،۸فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دنتے واڑہ، 08 فروری : ضلع کے سکما-دنتے واڑہ سرحد پر بدھ کی دیر شام کو ہوئے ایک انکاونٹر میں 8 لاکھ روپے کے انعامی نکسلائٹ چندرنا عرف ستیم کو ڈھیر کردیا گیا ہے۔ چندرنا جگرگنڈہ ایریا کمیٹی میں سرگرم تھا۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے چندرنا کی موت کی تصدیق کی ہے۔ جائے وقوعہ پر تلاشی اب بھی جاری ہے۔
سکما اور دنتے واڑہ سرحد پر سیکورٹی فورسز کی ٹیم کا تلاشی آپریشن جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے لاش اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ جوان پوری رات جائے وقوعہ پر موجود رہے اور علاقے میں اب بھی تلاشی جاری ہے۔ جوانوں کے آج دوپہر تک آپریشن مکمل کرکے واپس آنے کی توقع ہے ۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ گورو رائے نے بتایا کہ بدھ کی شام دیر گئے سیکورٹی فورسز کو دنتے واڑہ اور سکما سرحد پر نکسلیوں کی سرگرمیوں کی اطلاع ملی تھی۔ جس کے بعد سیکورٹی فورسز کے ڈی آر جی، بستر فائٹر اور سی آر پی ایف 231 کی ینگ پلاٹون کی ٹیم کو گوند پلی، پرلاگٹہ اور بڑے بچیلی کے درمیان پہاڑی جنگل کی طرف روانہ کیا گیا۔ جہاں سیکورٹی فورسز کا نکسلیوں کے ساتھ تصادم ہوا۔ اس میں آٹھ لاکھ کا انعامی نکسلائٹ چندرنا عرف ستیم مارا گیا۔
نکسلی چندرنا عرف ستیم بستر ڈویژن کی جاگرگنڈہ ایریا کمیٹی میں شامل تھا۔ یہ بستر، دنتے واڑہ، سکما اور بیجاپور میں کافی سرگرم تھا۔ چندرناماڑ ڈویژن کاڈی وی سی ممبر بھی رہ چکا ہے ۔

