اتر پردیش سے بی جے پی کے سات امیدواروں نے راجیہ سبھا کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا

تاثیر،۱۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 14 فروری : اتر پردیش سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سات راجیہ سبھا امیدواروں نے بدھ کو ودھان بھون پہنچ کر اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ بی جے پی سے سدھانشو ترویدی، امرپال موریہ، ڈاکٹر سنگیتا بلونت بند، سادھنا سنگھ، آر پی این سنگھ، چودھری تیجویر سنگھ اور نوین جین نے پرچہ نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، اتر پردیش بی جے پی کے لوک سبھا الیکشن انچارج وجیانت جئے پانڈا، ریاستی صدر بھوپیندر سنگھ چودھری، نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک، وزیر خزانہ سریش کھنہ، وزیر کوا?پریٹو جے پی ایس راٹھور اور ریاستی جنرل سکریٹری سنجے رائے موجود تھے۔
اتر پردیش بی جے پی کے لوک سبھا الیکشن انچارج وجیانت جئے پانڈا نے کہا کہ پوری دنیا میں ہندوستان کی تعریف ہو رہی ہے۔ مودی کو بھاری اکثریت سے تیسری بار وزیر اعظم بنائیں گے۔ بی جے پی اتر پردیش میں 80 میں سے 80 سیٹیں جیت لے گی۔ بی جے پی سماج کے ہر طبقے کی نمائندگی اور رہنمائی کر رہی ہے۔ نامزدگی کے بعد سدھانشو ترویدی نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں کا خیال رکھتی ہے۔