اروندکیجریوال آج بھی ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے

تاثیر،۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 02 فروری:دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال ایک بار پھر ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ عام آدمی پارٹی نے ای ڈی کے سمن کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔عام آدمی پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ قانونی طور پر درست سمن کی تامیل کرینگے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔عآپ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا مقصد اروند کیجریوال کو گرفتار کرنا ہے۔ وزیراعظم مودی انہیں گرفتار کرکے دہلی حکومت کو گرانا چاہتے ہیں۔ ہم ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے۔اس سے پہلے چیف منسٹرکیجریوال چوتھے سمن پر بھی ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔ تب انہوں نے کہا تھاکہ ای ڈی نے مجھے چوتھا نوٹس بھیجا ہے۔ ای ڈی نے نوٹس میں کہا ہے کہ آپ 18 یا 19 جنوری کی کسی بھی تاریخ کو آجائے۔ ای ڈی کے بھیجے گئے چاروں نوٹس قانون کی نظر میں غیر قانونی اور غلط ہیں۔ جب بھی اس طرح کے غیر مخصوص عام نوٹس پہلے ای ڈی کے ذریعہ بھیجے گئے تھے، عدالت نے انہیں منسوخ کر دیا اور انہیں غیر قانونی اور غلط قرار دیا۔چیف منسٹرنے کہا تھا کہ یہ نوٹس غیر قانونی کیوں ہے۔ میں نے اس سلسلے میں کئی بار ای ڈی کو لکھا ہے، لیکن ای ڈی کوئی جواب نہیں دے رہی ہے۔ یہ نوٹس سیاسی سازش کے تحت بھیجے جا رہے ہیں۔ نام نہاد ایکسائز کیس کی تحقیقات گزشتہ دو سال سے جاری ہیں۔ ان دو سالوں میں انہیں کچھ نہیں ملا۔ کئی عدالتوں نے ان سے کئی بار سوالات بھی کئے ہیں کہ کتنی رقم برآمد ہوئی، کیا سونا، زمین کے کاغذات کہیں سے ملے یا کہیں بھی رقم برآمد ہوئی۔ لیکن، انہیں کہیں بھی کچھ نہیں ملا۔ لوگوں کو مارا پیٹا جا رہا ہے اور جھوٹے بیانات لئے جا رہے ہیں۔