تاثیر،۲۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 23 فروری :69000 اساتذہ کی بھرتی کے تحت منتخب 6800 ریزرو کیٹیگری ٹیچر امیدواروں نے جمعہ کو بی جے پی کے ریاستی دفتر کا گھیراؤ کیا اور تقرری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس دوران امیدواروں نے بی جے پی کے دفتر کے اندر جاکر مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ بی جے پی کے ریاستی دفتر کے اندر احتجاج کرنے والے امیدواروں کو باہر نکالنے کے لیے پولیس نے طاقت کا استعمال کیا۔ اس کے بعد پولیس تمام امیدواروں کو ایک بس میں احتجاجی مقام اکو گارڈن لے گئی۔
احتجاج کرنے والے امیدواروں کا کہنا تھا کہ محکمہ بیسک ایجوکیشن کے لوگ اور انتظامیہ اپنے وعدوں سے مکر رہے ہیں۔ پولس انتظامیہ نے امیدواروں کو وزیر اعلیٰ سے ملنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب تک وہ ان سے ملاقات نہیں کرسکے ہیں، اس لیے ناراض امیدوار ایک بار پھر بی جے پی کے دفتر پہنچ گئے اور نعرے بازی شروع کردی۔
تحریک کی قیادت کر رہے امریندر پٹیل نے کہا کہ 69,000 اساتذہ کی بھرتی سے متعلق معاملہ لکھنؤ ہائی کورٹ کی ڈبل بنچ میں زیر سماعت ہے۔ اس سلسلے میں وزیر تعلیم سندیپ سنگھ اور محکمہ کے افسران نے میٹنگ میں ہم امیدواروں سے جو وعدے کیے تھے ان کے مطابق سرکاری وکلاء عدالت میں اپنا مقدمہ پیش نہیں کر رہے ہیں بلکہ ریزرو کیٹیگری کے امیدواروں کی مخالفت کر رہے ہیں۔ امریندر پٹیل نے کہا کہ 6800 ریزرو کیٹیگری کی سلیکشن لسٹ وزیر اعلیٰ کے حکم پر کی گئی جانچ کے بعد آئی ہے۔ امیدواروں کو امید ہے کہ وزیر اعلیٰ سے ان کی ملاقات کے بعد سارا معاملہ حل ہو جائے گا۔
امریندر پٹیل نے کہا کہ 69000 اساتذہ کی بھرتیوں میں ریزرویشن کے نفاذ میں سنگین بے ضابطگیاں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ریزروڈ زمرے کے امیدواروں کو نوکریوں سے محروم کر دیا گیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اس معاملے کا فوری حل نکالے اور تمام 6800 منتخب پسماندہ طبقے کے امیدواروں کو ان کا حق دے کر ان کا تقرر کرے۔