تاثیر،۲۰فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دی ہیگ،20فروری :ہالینڈ میں متعین سعودی عرب کے سفیر زیاد العطیہ کا کہنا ہے ’’کہ فلسطینی اراضی میں اسرائیلی اقدامات کا کوئی جواز نہیں۔‘‘دی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کے سامنے اپنی بریفنگ میں زیاد العطیہ نے کہا کہ ’’مسلسل اسرائیلی قبضے کے سنگین نتائج سامنے آئے ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’دنیا اس بات پر متفق ہے کہ اسرائیلی قبضہ غیر قانونی ہے۔‘‘خادم الحرمین الشریفین کے سفیر نے کہا کہ اسرائیل میں یہودی آبادیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ تل ابیب یہودی آبادکاروں کے فلسطینیوں پر حملوں سے اغماض برتنے کی روش پر عمل پیرا ہے۔‘‘عالمی عدالت کے سامنے اپنی بریفنگ میں سعودی سفیر کا کہنا کہ اس وقت مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادکاروں کی تعداد سات لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جو دنیا بھر سے لا کر وہاں آباد کیے گئے ہیں۔ اسرائیل سمجھتا ہے کہ اسے بین الاقوامی قانون میں تحفظ حاصل ہے۔‘‘انہوں نے اس بات کا خصوصیت سے ذکر کیا کہ اسرائیل دو ریاستی حل کو مسترد کر کے دراصل فلسطینیوں کو ان کے عالمی طور پر تسلیم کردہ حق سے محروم کرنا چاہتا ہے۔زیاد العطیہ نے کہا کہ اس وقت اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم کر رکھا ہے۔ ہم بے گناہ اہل غزہ کے قتل اور ان کی بے دخلی کے لئے کسی بھی جواز اور بہانے کر درست نہیں سمجھتے۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار کھلے عام فلسطینیوں کو غزہ میں قتل اور بیدخلی کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

