ایوان میں چودھری چرن سنگھ کی توہین نہیں ہونے دوں گا: دھنکھڑ

تاثیر،۱۰فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 10 فروری : راجیہ سبھا میں ہفتہ کو سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کو بھارت رتن دینے کو لے کر بحث چل رہی تھی۔ اسی دوران اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے اور دیگر کانگریسی ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا۔ یہ دیکھ کر راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کھڑگے کا نام لیتے ہوئے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں، میں ایوان میں چودھری چرن سنگھ کی توہین نہیں ہونے دوں گا۔
دھنکھڑ نے کہا کہ آپ کو توخوش ہونا چاہئے کہ چودھری صاحب کو بھارت رتن دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن آپ لوگ ایوان کی کارروائی میں خلل ڈال رہے ہیں۔
ایوان میں بڑھتے ہوئے ہنگامے کو دیکھ کر مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے چودھری صاحب کی توہین کی ہے۔ اس کے لیے انہیں معافی مانگنی چاہیے۔ گوئل نے کہا کہ یہ فخر کا لمحہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے چودھری چرن سنگھ کو بھارت رتن سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کانگریس کے لیے جشن کا دن تھا لیکن یہ چودھری صاحب کی توہین کر رہی ہے۔ کانگریس کو اس کے لیے معافی مانگنی ہوگی۔
ایوان میں بحث کے دوران آر ایل ڈی سربراہ چودھر چرن سنگھ کے پوتے جینت نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ کو بھارت رتن دینے کا فیصلہ بڑا ہے۔ اس کے لیے وہ وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس فیصلے سے پورے ملک میں خوشی کا ماحول ہے۔