ایک ترقی یافتہ ملک بننے کی میراتھن ریس کے لیے ہندوستان کی سمندری طاقت اہم ہوگی: نائب صدر

تاثیر،۲۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وشاکھاپٹنم، 22 فروری: نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے جمعرات کو کہا کہ 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کی میراتھن دوڑ کے لیے ہندوستان کی سمندری طاقت اہم ہوگی۔ انہوں نے سمندری سلامتی اور دیگر خدشات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون پر بھی زور دیا۔
نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ آج یہاں انٹرنیشنل میری ٹائم سیمینار – ملن 2024 سے خطاب کر رہے تھے۔ مشرقی بحریہ کمان کے کام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ کمان نے ہندوستان کی سمندری تاریخ میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک کے لیے نام کمایا ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے سمندروں کی حفاظت اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے اقوام کو ایک ساتھ آنے، تجربات کا اشتراک کرنے اور باہمی تعاون کی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سپلائی چین کو محفوظ بنانا، علاقائی کشیدگی سے بچنا اور بلیو اکانومی کو مثبت طریقے سے بروئے کار لانا عالمی خدشات ہیں جنہیں مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ میری ٹائم آرڈر کی پابندی خطے کے امن اور ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ سپلائی چین کی بحالی اورصنعت و تجارت کے فروغ کے لیے بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان سمندری حدود کے احترام اور قواعد پر مبنی اصول کو فروغ دینے کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری بشمول اقوام متحدہ کے کنونشن آن دی لا آف دی سی (یو این سی ایل او ایس) پرامن بقائے باہمی اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے ضروری ہے۔ یکطرفہ کارروائی اور بین الاقوامی قانون کو نظر انداز کرنے کے بہت دور رس نتائج ہو سکتے ہیں۔ اس سے پورے خطے کا استحکام اور سلامتی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔