تاثیر،۶فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بگہا، 6 فروری: بہار کی بگہا پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔انہوں نے ایک چرس اسمگلر کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار اسمگلر سے تقریباً 7 کروڑ روپے مالیت کی چرس برآمد ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک ٹاپ ٹین مجرم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس پر 25000 روپے کا انعام تھا۔ پولیس ان دونوں سے پوچھ گچھ کے بعد مزید کارروائی کر رہی ہے۔
بگہا کے ایس پی سشانت کمار سروج نے اس کارروائی کے بارے میں بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دھنہا تھانہ پولیس نے بس میں سفر کرنے والے ایک اسمگلر کو 35 کلو چرس کے ساتھ گرفتار کیا۔ ایس پی نے بتایا کہ گرفتار چرس اسمگلر نیپال سے اترپردیش کے گورکھپور میں چرس پہنچانے جا رہا تھا۔ اسمگلر کی شناخت بیتیا کے سکٹا رہائشی رتیش پٹیل کے طور پر ہوئی ہے۔
بگہا ایس پی سشانت سنگھ نے بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی جس کی بنیاد پر دھنہا تھانہ پولیس کو گاڑی کی چیکنگ کے دوران یہ کامیابی ملی۔ تلاشی کے دوران اسمگلر کے بیگ اور اس کی جسم سے 35 کلو چرس برآمد ہوئی، اس کے دیگر ساتھیوں کی بھی شناخت ہوگئی ہے جس کو پولیس جلد گرفتار کر لے گی۔
دوسری طرف ڈی آئی یو اور ایس ٹی ایف نے ایک مجرم کو گرفتار کیا ہے جس پر 25،000 روپے کا انعام تھا۔ پٹنہ ایس ٹی ایف بھی کو بھی اس کی کئی معاملات میں تلاش تھی۔ مجرم کی شناخت رام عرف راجیش رام کے طور پر کی گئی ہے، جسے مشرقی چمپارن کے بنجریا سے گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ بھیرو گنج تھانہ علاقہ کے دو مقدمات میں ملزم تھا۔ ایس پی نے کہا کہ دونوں واقعات میں نمایا رول ادا کرنے والے پولیس اہلکاروں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔

