تاثیر،۱۳فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ ، 13 فروری: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئرلیڈر اور حکومت بہارکے سابق وزیر نند کشور یادو نے منگل کے روز صبح 10:30 بجے اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اگر اس عہدے کے لیے عظیم اتحاد کی جانب سے کوئی نامزدگی ا?تی ہے تو باقی امیدواروں کا فیصلہ 15 فروری کو کیا جائے گا۔نند کشور یادو 26 اگست 1953 کو پیدا ہوئے، صرف 16 سال کی عمر میں بی جے پی میں شامل ہوئے۔ وہ 1971 میں ودیارتھی پریشد کے ایک سرگرم رکن کے طور پر ابھرے اور 1974 میں تحریک کے دوران جیل بھی گئے۔ نند کشور یادو نے پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے کونسلر، بی جے پی کے ریاستی صدر سے لے کر اپوزیشن لیڈر تک خدمات انجام دی ہیں۔ وہ ریاستی حکومت میں محکمہ سڑک تعمیرات اور محکمہ صحت کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔وہ 1983 سے 1990 تک بی جے وائی ایم کے ریاستی جنرل سکریٹری ، خزانچی اور نائب صدر کے عہدوں پر فائز رہے۔ وہ 1990-95 تک یووا مورچہ کے ریاستی صدر رہے۔ وہ پارٹی کے واحد ریاستی صدر تھے جو غیر منقسم اور منقسم بہار دونوں کے ریاستی صدر تھے۔ انہوں نے 1998 سے 2003 تک ریاستی صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ نند کشور یادو مسلسل ساتویں بار پٹنہ صاحب سے ایم ایل اے ہیں۔ انہوں نے اپنا پہلا الیکشن 1995 میں جیتا تھا۔

