بیج بال ٹھیک ہے لیکن ہندوستانی حالات میں کامیابی ناممکن:سورو گنگولی

تاثیر،۲۱فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ ،21فروری : ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا چوتھا میچ 23 فروری سے رانچی میں شروع ہوگا۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی اس سیریز کو لے کر بڑا بیان دیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم انڈیا انگلینڈ کے مقابلے بہت مضبوط نظر آتی ہے اور اگر وہ یہاں ہار جاتی ہے تو حیرت کی بات ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بیج بال ٹھیک ہے لیکن ہندوستان میں کامیاب ہونا مشکل ہے۔سورو گنگولی نے کہاکہ بیج بال کرکٹ لاجواب ہے۔ لیکن ہندوستانی حالات میں اس کی کامیابی قدرے مشکل ہے۔ اگر ٹیم انڈیا یہ سیریز ہار جاتی ہے تو مجھے حیرت ہوگی۔ یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم کوہلی اور کے ایل راہل کے بغیر کھیل رہی ہے۔ ہندوستان کی ٹیم بہت سے نئے چہروں کے ساتھ نوجوان ہے لیکن اس کے باوجود انگلینڈ مشکلات کا شکار ہے۔اس دوران گنگولی نے ٹیم انڈیا کے نوجوان کھلاڑیوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ یشسوی جیسوال نہ صرف ایک اچھے کھلاڑی ہیں بلکہ وہ ٹیم انڈیا کے لیے تینوں فارمیٹس میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں دھرو جورل کے لیے انہوں نے کہا کہ جورل نے ٹام ہارٹلی کو رن آؤٹ کرنے میں رویندر جڈیجہ کی اچھی مدد کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم انڈیا راج کوٹ میں جیت کے لیے اس قدر پراعتماد تھی کہ انھوں نے میچ کے بیچ میں آر اشون کو گھر جانے کا موقع بھی دیا۔ یہ ٹیم انڈیا کی طاقت اور خود اعتمادی کو ظاہر کرتا ہے۔ٹیم انڈیا اس وقت پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے آگے ہے۔ ہندوستانی ٹیم اس سیریز کا پہلا میچ ہار گئی تھی لیکن اس کے بعد اس نے دو بیک ٹو بیک میچ جیت کر سیریز میں زبردست واپسی کی۔ اب اس سیریز کا چوتھا میچ رانچی میں 23 فروری سے شروع ہوگا۔ٹیم انڈیا اس میچ میں جسپریت بمراہ کے بغیر اترے گی۔