تاثیر،۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 02 فروری: اترپردیش اسمبلی کے 2024-25 کے اجلاس کا جمعہ کو آغاز ہنگامہ کے ساتھ ہوا۔ اپوزیشن سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے لیڈر نے ایوان میں مظاہرہ کیا۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان ایوان کی کارروائی میں شرکت کے لیے پہنچے ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں اپنے اراکین پارلیمنٹ کے ٹکٹ کاٹنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی یہ اطلاع ملی ہے اور میں آپ کو بریکنگ نیوز دے رہا ہوں۔ اکھلیش نے کہا کہ ایک ایم پی کو چھوڑ کر ان کی سیٹ بھی تبدیل ہونے والی ہے۔ ایس پی صدر نے کہا کہ صرف پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیت) ہی این ڈی اے کو شکست دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری سے دوچار نوجوان بی جے پی کو شکست دیں گے۔
بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ 10 سال گزرنے کے باوجود مہنگائی اور بے روزگاری کم نہیں ہوئی ہے۔ کسانوں سے کئے گئے وعدے ادھورے ہیں۔ بی جے پی نے کسانوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش اسمبلی کے 2024-25 کے اجلاس کا جمعہ سے آغاز ہو رہا ہے۔ اس میں یوپی کے بجٹ کے اعلان کے ساتھ ساتھ کئی اہم فیصلے لیے جانے والے ہیں۔ اسمبلی کا اجلاس 12 فروری تک جاری رہے گا۔ اسمبلی کے اسپیکر ستیش مہانا نے ایک دن پہلے ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی تھی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایوان میں کوئی خلل نہ پڑے۔ تمام جماعتوں کے قائدین نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ایوان کے اجلاس کو خوش اسلوبی سے چلانے میں تعاون کریں گے۔ اس کے باوجود ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے قبل ایس پی پارٹی کے ایم ایل اے نے ہنگامہ شروع کردیا۔ ایس پی ارکان نے آسمان چھوتی مہنگائی، بے روزگاری، بھرتیوں میں دھاندلی، ذات پر مبنی مردم شماری اور اتر پردیش میں امن و امان کی خراب صورتحال کو لے کر بی جے پی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔