ترنمول کانگریس نے اپنے چار راجیہ سبھا امیدواروں کا کیا اعلان

تاثیر،۱۱فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ،11فروری: ممتا بنرجی کی پارٹی ٹی ایم سی نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ ساگریکا گھوش، سشمیتا دیو، ندیم الحق، ممتا بالا ٹھاکر کے نام ان لوگوں میں شامل ہیں جنہیں ٹی ایم سی نے میدان میں اتارا ہے۔ ترنمول کانگریس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرکے اپنے فیصلے کی جانکاری دی۔پارٹی نے پوسٹ میں لکھا کہ ہم امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کا کام ترنمول کانگریس کی وراثت کو آگے بڑھائے گا اور وہ ہر ہندوستانی کے حقوق کی وکالت کریں گے۔ ٹی ایم سی سشمیتا دیو اور ندیم الحق کو دوبارہ راجیہ سبھا بھیجے گی۔ مغربی بنگال میں راجیہ سبھا کی پانچ سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ان پانچ میں سے ایک سیٹ پر بی جے پی کی جیت یقینی ہے۔ ٹی ایم سی باقی چار سیٹیں جیت سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی ایم سی نے صرف چار ناموں کا اعلان کیا ہے۔ ٹی ایم سی نے ایک بار پھر سشمیتا دیو کو راجیہ سبھا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ندیم الحق کو بھی دوبارہ راجیہ سبھا بھیجا جائے گا۔ صحافی ساگریکا گھوش کو پہلی بار راجیہ سبھا جانے کا موقع مل رہا ہے۔بنگال میں حکمران ترنمول کانگریس کے ابیر بسواس، سبھاشیش چکرورتی، ندیم الحق، شانتنو سین اور کانگریس کے ابھیشیک منو سنگھوی کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔ راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے ووٹنگ 27 فروری کو ہوگی۔ ملک کی 15 ریاستوں سے کل 56 راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ووٹنگ 27 فروری کو ہوگی۔ ان میں سے پانچ سیٹیں مغربی بنگال میں ہیں۔ ترنمول کانگریس کے ارکان اسمبلی کی تعداد 216 ہے۔ ان کی بنیاد پر چار سیٹوں پر ٹی ایم سی کی جیت یقینی ہے۔ بی جے پی کے پاس 67 ایم ایل اے ہیں اور بی جے پی بھی ایک سیٹ جیت سکتی ہے۔