تاثیر،۱۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں ،12 فروری: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یونین ٹیریٹری کے درج فہرست قبائل کو یقین دلایا کہ فہرست میں چار نئی برادریوں کے شامل ہونے کے بعد ان کی ریزرویشن پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے ذریعہ دو بلوں کی منظوری کو تاریخی قرار دیا جس میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کو بلدیاتی اداروں میں ریزرویشن فراہم کیا گیا۔ایس ٹی فہرست میں مزید چار برادریوں – گدی برہمن، کوہلی، پاڈری قبیلہ اور پہاڑی نسلی گروپ کو شامل کیا گیا۔ ایل جی منوج سنہا نے کہا کہ یہ بِل متعلقہ گروپوں کی سماجی اور اقتصادی حالت کے لیے ایک اہم فیصلہ ہے۔ یہ تاریخی قدم او بی سی کو پنچایت اور شہری بلدیاتی انتخابات میں ریزرویشن فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی کے 10 فیصد ریزرویشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ان کی انتظامیہ کی طرف سے عوام کو گمراہ کرنے یا گجروں اور بکروالوں کو پہاڑیوں کے خلاف کھڑا کر کے بھائی چارے کو پریشان کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کوئی بھائی چارہ خراب نہیں ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سیاست کرتے ہیں اور کچھ عوام کے مفاد کے لیے کام کرتے ہیں۔ دونوں جاری رہیں گے اور آخر کار سچ ہی کی فتح ہوتی ہے۔