جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں کین ولیمسن کی سنچری

تاثیر،۶فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 6 فروری : نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے جنوبی افریقہ کے خلاف ماونٹ مونگانوئی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن منگل کو ریکارڈ دوسری سنچری اسکور کی۔ پہلی اننگز میں 118 رن کے علاوہ ولیمسن نے دوسری اننگز میں 109 رن بنائے اور یہ کارنامہ انجام دینے والے صرف پانچویں کیوی بلے باز بن گئے۔ولیمسن کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے منگل کو کھیل کے اختتام پر چھ وکٹوں کے ساتھ اپنی مجموعی برتری کو 528 رن تک بڑھا کر ناتجربہ کار جنوبی افریقہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ولیمسن سے قبلگلین ٹرنر (1974)، جیوف ہاورتھ (1978)، اینڈریو جونز (1991) اور پیٹر فلٹن (2013) نے بلیک کیپس کے لیے یہی کارنامہ انجام دیا تھا۔ تاہم ان پانچوں بلے بازوں نے گھریلو ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں۔ولیمسن سے پہلے ٹرنر نے کرائسٹ چرچ میں آسٹریلیا کے خلاف 101 اور 100، ہاورتھ نے آکلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف 122 اور 102، جونز نے ہیملٹن میں سری لنکا کے خلاف 122 اور 100 اور فلٹن نے آکلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف 136 اور 110 رن بنائے تھے۔اس کے علاوہ یہ کیوی کپتان کی 31ویں ٹیسٹ سنچری اور بین الاقوامی کرکٹ میں 44ویں سنچری (ون ڈے میں 13سنچری ملاکر) تھی ۔ وہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ مشترکہ طور پر 31 ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے دوسرے تیز ترین کھلاڑی بن گئے۔ ہندوستان کے سچن تندولکر اس سنگ میل تک پہنچنے والے تیز ترین کھلاڑی ہیں۔ولیمسن اب ایک بار پھر فعال کرکٹ کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ بین الاقوامی سنچریوں کے لحاظ سے اسمتھ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ فعال کرکٹرز کی فہرست میں سب سے زیادہ بین الاقوامی سنچریوں کے ساتھ وراٹ کوہلی (80) پہلے نمبر پر ہیں، دوسرے نمبر پر آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر (49) اورتیسرے نمبر پر مشترکہ طور پر انگلینڈ کے جو روٹ (46)اور بھارت کے روہت شرما (46) اور اسٹیو اسمتھ (44) اور ولیمسن (44) مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں۔