راجیہ سبھا انتخابات کے لیے این ڈی اے کے امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا، اکھلیش سنگھ بھی کانگریس سے داخل کریں گے پرچہ نامزدگی

تاثیر،۱۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 14 فروری: وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے قریبی ساتھی اور سابق وزیر سنجے کمار جھا نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ بہار میں راجیہ سبھا کی 6 سیٹوں کے لیے 27 فروری کو انتخابات ہونے ہیں۔ 15 فروری نامزدگی کا آخری دن ہے۔ جے ڈی یو کوٹے سے وششٹھ نارائن سنگھ اور انل ہیگڑے کی میعاد پوری ہو رہی ہے۔ اس بار ایم ایل اے کی تعداد کے حساب سے جے ڈی یو کو صرف ایک سیٹ ملے گی۔ اسے ایک سیٹ کا نقصان ہونے والا ہے۔
جنتا دل یونائیٹڈ نے اس بار سنجے جھا کو راجیہ سبھا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنجے جھا بہار میں محکمہ آبی وسائل اور اطلاعات اور تعلقات عامہ کے وزیر رہ چکے ہیں۔ انہیں پارٹی نے نئی ذمہ داری سونپی ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تمام سینئر این ڈی اے لیڈران بھی ان کی نامزدگی کے دوران موجود تھے۔
سابق وزیر سنجے جھا مدھوبنی ضلع کے جھنجھارپور کے ارریہ سنگرام گاو?ں کے رہنے والے ہیں۔ تین دہائیوں کے بعد وہ متھیلانچل سے راجیہ سبھا جانے والے برہمن برادری کے لیڈر ہوں گے۔ سنجے جھا نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی، دہلی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ جے ڈی یو کی جانب سے انہیں پہلے ایم ایل سی بنایا گیا۔ پھر انہیں وزارتی عہدہ کی ذمہ داری دی گئی اور اب انہیں راجیہ سبھا بھیجنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ وہ طویل عرصے سے پارٹی میں قومی جنرل سکریٹری کے عہدے پر کام کر رہے ہیں اور دہلی کے انچارج بھی رہ چکے ہیں۔
سنجے جھا نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا ردعمل دیا ہے اور نتیش کمار کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سنجے جھا کے بی جے پی کے کئی لیڈروں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ وہ ارون جیٹلی کے بہت قریبی مانے جاتے تھے۔ اگرچہ ارون جیٹلی نہیں رہے، پھر بھی بی جے پی میں کئی ایسے لیڈر ہیں جن کے ساتھ سنجے جھا کے اچھے تعلقات ہیں اور نتیش کمار اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بہار کی سیاست میں یہ بھی چرچا ہے کہ سنجے جھا دربھنگہ سے الیکشن لڑنا چاہتے تھے۔ 2019 میں بھی اس سمت میں کوششیں کی گئیں لیکن دربھنگہ سیٹ بی جے پی کے پاس گئی۔ اب نتیش کمار کے دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہونے کے بعد بی جے پی کو دربھنگہ سیٹ ملنا یقینی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ نتیش کمار نے سنجے جھا کو راجیہ سبھا بھیجنے کا بڑا فیصلہ لیا ہے۔
بہار میں جن 6 سیٹوں پر انتخابات ہونے ہیں۔ ان میں جے ڈی یو کے کوٹے سے دو سیٹیں۔ بی جے پی کے سشیل مودی کی سیٹ، آر جے ڈی کے منوج جھا اور احمد اشفاق کریم کی سیٹ اور کانگریس کے اکھلیش پرساد سنگھ کی سیٹ خالی ہو رہی ہے۔ یہ یقینی سمجھا جاتا ہے کہ منوج جھا اور اکھلیش سنگھ راجیہ سبھا جائیں گے۔ ساتھ ہی بی جے پی کو اس بار ایک سیٹ کا فائدہ ہونے والا ہے اور اس نے دونوں سیٹوں پر ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ بھیم سنگھ اور دھرم شیلا گپتا کو موقع دیا گیا ہے۔ آر جے ڈی نے ابھی تک امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔