رانچی ٹیسٹ: انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 353 رن بنائے، جو روٹ نے ناٹ آوٹ سنچری اسکور کی

تاثیر،۲۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 24 فروری : جو روٹ کی شاندار ناٹ آوٹ سنچری اور اولی رابنسن کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کے خلاف یہاں کھیلے جا رہے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو اپنی پہلی اننگز میں 353 رن بنائے۔ روٹ 122 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اولی رابنسن نے 58 رنوں کی شاندار نصف سنچری کھیلی۔
اس میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ جیک کرولی اور بین ڈکٹ نے انگلینڈ کو مضبوط آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 47 رن جوڑے۔
تاہم 47 کے مجموعی سکور پر اپنا پہلا ٹیسٹکھیل رہے آکاش دیپ نے پہلے بین ڈکٹ (11) اور پھر اولی پوپ (00) کو ایک ہی اوور میں آوٹ کر کے انگلینڈ کو دوہرا جھٹکا دیا۔ 57 کے مجموعی اسکور پر آکاش دیپ نے میچ میں ایک بار پھر کرولی کو بولڈ کر دیا۔ اس بار کرولی کو قسمت کا ساتھ نہیں ملا اور انگلینڈ کی تیسری وکٹ گر گئی۔ کرولی نے 42 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رن بنائے۔
یہاں سے جونی بیرسٹو اور جو روٹ نے انگلینڈ کی اننگز کو 100 سے آگے بڑھایا۔ 109 کے مجموعی اسکور پر روی چندرن اشون نے بیرسٹو کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کر کے بھارت کو چوتھی کامیابی دلائی۔ بیرسٹو نے 38 رن بنائے۔
اس کے بعد رویندر جڈیجا نے کپتان بین اسٹوکس کو پویلین بھیج کر ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اسٹوکس نے 3 رن بنائے۔
اسٹوکس کے آوٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے بین فاکس اور جو روٹ نے محتاط انداز میں کھیلنا شروع کیا اور چھٹی وکٹ کے لیے 113 رن جوڑے۔ ایک ایسے وقت میں جب ایسا لگ رہا تھا کہ یہ جوڑی ٹیم کو بہتبڑے اسکور تک لے جائے گی، تب محمد سراج نے 225 کے مجموعی اسکور پر فاکس کو چلتاکر بھارت کو چھٹی کامیابی دلائی۔ فاکس نے 47 رن بنائے۔
سراج نے اس کے بعد 245 کے مجموعی اسکور پر ٹام ہارٹلی (17) کو بولڈ کرکے انگلینڈ کو ساتواں جھٹکا دیا۔ یہاں سے اولی رابنسن اور روٹ نے آٹھویں وکٹ کے لیے 102 رنوں کی شراکت قائم کی۔ یہ شراکت داری رویندرا جڈیجا نے 347 رنز کے مجموعی اسکور پر توڑی۔ جڈیجا نے رابنسن کو دھرو جوریل کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ رابنسن نے 96 گیندوں میں 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 58 رن بنائے۔ اس کے بعد جڈیجا نے شعیب بشیر (00) اور جیمز اینڈرسن (00) کو پویلین بھیجا اور انگلینڈ کی اننگز 353 رنز پر سمیٹ دی۔ جو روٹ 274 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 122 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے رویندر جڈیجا نے 4، آکاش دیپ نے 3، محمد سراج نے 2 اور روی چندرن اشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔