تاثیر،۹فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 9 فروری : ہماچل پردیش کے بیشتر حصوں میں جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری آنے سے لوگوں کو شدید سردی سے راحت ملی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پوری ریاست کے کم سے کم درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 15 فروری تک ریاست میں بارش اور برفباری کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق مشہور سیاحتی مقامات شملہ اور منالی سمیت 20 شہروں کے کم سے کم درجہ حرارت میں اضافے سے سردی کی لہر میں کمی آئی ہے۔ راجدھانی شملہ میں جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ روز کے کم سے کم درجہ حرارت سے 4.5 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ کل رات یہاں کم سے کم درجہ حرارت 0.9 ڈگری سیلسیس رہا۔ اسی طرح منالی اور کفری میں درجہ حرارت میں بالترتیب 2.4 ڈگری اور 4.2 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوا۔ منالی میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سیلسیس اور کفری میں 2.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ بھرمور کا کم از کم درجہ حرارت 4 ڈگری کے اضافے کے ساتھ 2 ڈگری، ناکنڈہ میں 5.4 ڈگری کے اضافے کے ساتھ 1 ڈگری، ریکانگ پیو میں 3.8 ڈگری کے اضافے کے ساتھ 3 ڈگری، ناہن میں 1.9 ڈگری کے اضافے کے ساتھ 6.4 ڈگری، دھرم شالا میں 2 ڈگری اچھال کے ساتھ 5.2 ڈگری،پالم پور میں 1.5 ڈگری کے اضافے کے ساتھ 2 ڈگری، دھولاکنواں اور بارٹھیں میں 1.6 ڈگری کے اضافے کے ساتھ بالترتیب 5 ڈگری اور 2.7 ڈگری، کانگڑا اور بلاسپور میں 0.5 ڈگری اضافے کے ساتھ بالترتیب 3.3 اور 4.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
چار شہروں میں پارہ منفی میں، کوکمسیری سرد ترین مقام
ریاست کے قبائلی علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے۔ چار شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی میں برقرار ہے۔ لاہول اسپتی ضلع کے کوکمسیری میں موسم کی سب سے سرد رات رہی۔ یہاں ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت -14.5 ڈگری سیلسیس ہے۔ اس کے علاوہ سمدھو میں-9.7 ڈگری سیلسیس، کلپا میں-1.8 ڈگری اور بھونتر میں-0.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
15 فروری تک بادل نہیں برسیں گے، سردی کا زور کم ہو جائے گا
محکمہ موسمیات کے مرکز شملہ کے ڈائریکٹر سریندر پال کا کہنا ہے کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کے کمزور ہونے کی وجہ سے فی الحال ریاست میں بارش اوربرف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 فروری تک پوری ریاست میں موسم صاف رہے گا۔ اس سے جہاں کم سے کم درجہ حرارت بڑھے گا وہیں دن بھی معمول سے زیادہ گرم ہوں گے اور لوگوں کو شدید سردی کی لہر سے راحت ملے گی۔

