فلم ’12ویں فیل‘ سے شہرت پانے والے اداکار وکرانت میسی والد بن گئے

تاثیر،۸فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بالی ووڈ اداکار وکرانت میسی اپنی فلم ’12ویں فیل’ کی ریلیز کے بعد سے خبروں میں ہیں۔ 27 اکتوبر 2023 کو ریلیز ہونے والی یہ فلم باکس آفس پر زبردست ہٹ ہوئی۔ اب حال ہی میں وکرانت نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کرکے اپنے مداحوں کو ایک خوشخبری سنائی ہے۔ وکرانت کی بیوی شیتل ٹھاکر نے بیٹے کو جنم دیا ہے۔ وکرانت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے باپ بننے کی خبر شیئر کی ہے۔
اداکار نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ایک بیٹا ہے۔ اس پوسٹ میں وکرانت اور شیتل دونوں نے ایک ساتھ اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ پوسٹ میں وکرانت نے لکھا، ‘اب ہم بھی ایک خاندان ہیں، ہم اپنے بیٹے کو اپنی دنیا میں خوش آمدید کہہ رہے ہیں اور ہمیں اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ تمہارا وکرانت۔”
وکرانت کی اس پوسٹ کو دیکھ کر بہت سے لوگوں نے تبصرے کر کے انہیں مبارکباد دی ہے اور فلم انڈسٹری کی کئی مشہور شخصیات نے بھی وکرانت اور شیتل کو مبارکباد دی ہے۔ شیتل کو کچھ سالوں تک ڈیٹ کرنے کے بعد وکرانت نے فروری 2022 میں شیتل سے شادی کی۔ 24 ستمبر 2023 کو وکرانت نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا کہ شیتل حاملہ ہے۔
وکرانت میسی نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی سیریل سے کیا۔ بعد میں انہوں نے آہستہ آہستہ فلموں میں بھی چھوٹے کردار کرنے شروع کر دیئے۔ وکرانت کو اپنی اصل پہچان ویب سیریز ‘مرزا پور’ سے ملی۔ اس میں وکرانت کے کام کو بھی کافی سراہا گیا۔ 69ویں فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب میں وکرانت میسی کو فلم ’12ویں فیل’ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ فلم ’12ویں فیل’ آئی پی ایس افسر منوج شرما کی زندگی پر مبنی ہے۔ وکرانت جلد ہی ایکتا کپور کی ‘ دی سابرمتی رپورٹ’ میں نظر آئیں گے۔