محب وطن محبت کی دکان چلاتے ہیں نفرت کی نہیں: راہل گاندھی

تاثیر،۲۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مرادآباد، 24 فروری : کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی اتر پردیش میں بھارت جوڑو نیا ئییاترا کا دوسرا مرحلہ ہفتہ کو مرادآباد سے شروع ہوا۔ راہل کے ساتھ ان کی بہن اور پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی یاترا میں حصہ لیا۔ نیا ئییاترا میں کانگریس کے ساتھ ساتھ اتحادی جماعت سماج وادی پارٹی کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت پارٹی کے کئی سرکردہ لیڈروں نے اس موقع پر موجود لوگوں سے خطاب کیا۔ راہل نے بی جے پی پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن نفرت کی نہیں محبت کی دکان چلاتے ہیں۔ نفرت ہمیشہ محبت سے کاٹی جاتی ہے۔ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اس ملک میں نفرت پھیلانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 90 فیصد لوگوں میں دلت، پسماندہ طبقات، قبائلی اور اقلیتیں شامل ہیں، لیکن ملک کی بڑی کمپنیوں کے مالکان ان 90 فیصد لوگوں میں شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہڈی ٹوٹنے پر پہلے مرحلے میں ہاتھ کا ایکسرے کیا جاتا ہے، اسی طرح پہلے مرحلے میں ذات پر مبنی مردم شماری ضروری ہے تاکہ ان میں سے 90 فیصد افراد ہر جگہ حصہ لے سکیں۔
مرادآباد کی بہو پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ جب تک آپ تبدیلی نہیں لائیں گے آپ کے حالات نہیں بدلیں گے۔ تبدیلی تب آئے گی جب آپ اپنے حالات کو سمجھیں گے اور ووٹ دیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس حکومت میں کسانوں کے قرضے معاف نہیں ہوتے، صرف بڑے صنعت کاروں کے قرضے معاف ہوتے ہیں۔