میزورم میں 80 کروڑ روپے کی منشیات اور سپاری ضبط

تاثیر،۹فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چمفائی، 09 فروری : میزورم پولیس اور آسام رائفلز نے 18 لاکھ روپے کی نقدی سمیت کروڑوں روپے کی ممنوعہ منشیات اور برمی سپاری ضبط کی ہے۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ پچھلے دو دنوں میں، پولیس نے میزورم کے چمفائی ضلع میں کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 80 کروڑ روپے کی نشہ آور میتھام فیٹامائن گولیاں، ہیروئن اور برمی سپاری ضبط کی ہے۔
آسام رائفلز اور جوکھواتھر پولیس نے جمعرات کو بھمکاو لوئی کے قریب ایک مشترکہ کارروائی میں 3.452 کلوگرام وزنی 30 ہزار 300 میتھام فیٹامائن گولیاں ضبط کیں۔ پکڑی گئی گولیوں کی مالیت 44 لاکھ 87 ہزار 600 روپے ہے۔ اس منشیات اسمگلنگ معاملے میں آسام کے کریم گنج ضلع شہر کے نتون بازار کے رہنے والے حارث الدین نامی اسمگلر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے حارث الدین سے 17,49,500 روپے نقدی بھی ضبط کی ہے۔ حارث کی اورا کار بھی منشیات کے ساتھ قبضے میں لے لی گئی ہے۔
دریں اثنا چمفائی پولیس اور آسام رائفلز نے موالکاوی گاوں کے مضافات میں چھاپہ مارا اور ایک ٹیکسی سے 605 گرام وزنی ہیروئن کے 50 پیکٹ ضبط کئے۔ پکڑی گئی ہیروئن کی مالیت تقریباً 18.15 لاکھ روپے ہے۔ لالریم رواٹا نامی اسمگلر کوہیروئن سمیت گرفتارکر لیا گیا ہے۔
ایک اور کارروائی میں، پولیس نے ایک ٹرک سے برمی سپاری کی 40 بوریاں ضبط کیں، جن کی مارکیٹ قیمت 6.40 لاکھ روپے ہے۔ سپاری پڑوسی ملک میانمار سے سپلائی کی جاتی تھی۔ ایف لالالسامہ کو سپاری سمیت گرفتار کیا گیا۔ دریں اثنا کھانکون پولیس چوکی گیٹ پر چھاپے کے دوران پولیس نے ٹرک سے 8 ہزار کلو گرام وزنی برمی سپاری کی 100 بوریاں قبضے میں لے لی، جس کی قیمت 5.20 لاکھ روپے ہے۔ پولیس نے ایک اور ٹرک سے برمی سپاری کی 100 بوریاں بھی قبضے میں لے لیں۔ پولیس نے بتایا کہ یہ سپاری میانمار سے غیر قانونی طور پر اسمگل کی گئی تھی۔ اس معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بعد ازاں یہ سپاری چمفائی کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دی گئی۔
میزو پولیس کے مطابق اس سال یکم جنوری سے چمپائی پولیس نے 1 کروڑ 1 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کی 3.380 کلو گرام ہیروئن، 1 کروڑ 96 لاکھ 97 ہزار روپے مالیت کی 15.152 کلو گرام میتھام فیٹامائن گولیاں، 31کروڑ15 لاکھ مالیت کا 10.385 کلو گرام کرسٹل میتھ نامی نشہ آور مادہ اور 80 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی برمی سپاری ضبط کی ہے۔