ناندیڑ میں تیز رفتار گاڑی پل سے گری، 5 افراد کی موقع پر ہی موت

تاثیر،۹فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 09 فروری:کل رات ناندیڑ ضلع میں بھوکر-امری روڈ پر موگلی کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر پل سے نیچے گر گئی۔ واقعے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ناندیڑ کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس کے مطابق جمعرات کی رات دیر گئے گائکواڈاور بھالیراو خاندان کے 10 لوگ شادی میں شرکت کے لیے ناندیڑ سے بھوکر آئے تھے۔ جمعرات کو شادی ختم ہونے کے بعد سب لوگ رات کو گاڑی سے بھوکر سے ناندیڑ واپس جارہے تھے۔ اچانک تیز رفتار گاڑی نے کنٹرول کھو دیا اورموگلی کے قریب پل سے نیچے گر گئی۔
اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں کی شناخت سویتا شیام بھالیراو (25 سال)، پریتی پرمیشور بھالیراو (8 سال)، سشیل ماروتی گائکواڈ (9 سال)، ریکھا بائی پرمیشور بھالیراو (30 سال)، انجنابائی دنیشور بھالیراو (28 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
گاوں والوں کی اطلاع پر پولیس کی ٹیم پہنچی اور پانچوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع بھجوا دیا گیا ہے۔