وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آوارہ کتوں کے حملے میں ہلاک ہونے والی بچی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، مدد کی یقین دہانی کرائی

تاثیر،۲۶فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

این ڈی ایم سی حکام کو اس مسئلہ کو فوری حل کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں ، بچوں اور مقامی لوگوں کی حفاظت بہت ضروری ہے: اروند کیجریوال

نئی دہلی، 26 فروری: وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پیر کو آوارہ کتوں کے حملے میں اپنی جان گنوانے والی بچی کے خاندان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس واقعہ پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے متوفی لڑکی کے لواحقین سے واقعہ کی مکمل معلومات لی اور ان کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ بچی کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا کہ نئی دہلی اسمبلی حلقہ کے دھوبی گھاٹ علاقے میں ہفتہ کو کچھ آوارہ کتوں کے حملے میں دو سالہ بچی کی موت ہوگئی۔ آج متوفی بچی کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ رہائشی علاقوں میں آوارہ کتے آزادانہ گھوم رہے ہیں۔یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ این ڈی ایم سی حکام کو اس مسئلہ کو فوری حل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بچوں اور مقامی لوگوں کی حفاظت بہت ضروری ہے۔قابل ذکر ہے کہ یہ واقعہ 24 فروری کو شام تقریباً 6.30 بجے پیش آیا تھا۔ تقریباً دو سالہ بچی اپنے والدین کے ساتھ چمن گھاٹ، تغلق لین این ڈی ایم سی علاقے میں رہتی تھی۔ بچی پر گھر کے باہر کچھ آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا۔ جس میں بچی بری طرح زخمی ہوگئی۔ گھر میں بچی نہ ملنے پر اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی۔گھر کے باہر کچھ کتوں کو بچی پر حملہ کرتے دیکھا۔ اہل خانہ نے بچی کو کتوں سے آزاد کرایا اور اسے تشویشناک حالت میں صفدر جنگ اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔