پروفیسر جیسی ابراہم جامعہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچرٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کی صدرشعبہ بنیں

تاثیر،۷فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

فیکلٹی آف ایجوکیشن میںخوشی کی لہر: ڈین پروفیسر سارہ بیگم نے مبارکبادپیش کی

نئی دہلی (7 ؍فروری) مشہورماہرتعلیم پروفیسر جیسی ابراہم جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تاریخی اہمیت کے حامل ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن میں صدرشعبہ کے عہدے پر فائز ہوئی ہیں۔ان کے صدرشعبہ بننے سے پوری فیکلٹی آف ایجوکیشن میں خوشی کی لہر ہے۔ ممتازماہر تعلیم اور دانشور، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر سارہ بیگم کے علاوہ سبھی پروفیسران اور اساتذہ نے ان کو مبارک باد پیش کی ہے۔پروفیسر جیسی ابراہم کا تعلق کیرل صوبے سے ہے۔ان کی اعلیٰ تعلیم جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل اسٹڈیز سے ہی ہوئی ہے۔انھوں نے اپنے کیرئیر کا آغازبطورلیکچراردہلی یونیورسٹی کے لیڈی اِروِن کالج سے 1996میں کیا۔وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے 2002 میں منسلک ہوئیں اور 2012 میں پروفیسر بنیں۔وہ پچھلے تین سالوں سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ارجن سنگھ سینٹر برائے فاصلاتی اینڈ آن لائن ایجوکیشن میں ڈائرکٹر کے عہدے پر بھی فائز ہیں ۔پروفیسر جیسم ابراہم اُنت بھارت ابھیان کی نوڈل آفیسر، مشیر فاطمہ نرسری اسکول کی اعزازی ڈائرکٹر ، ڈپٹی پرووسٹ، جامعہ اسکولوں کی ڈائرکٹر (شام کی شفٹ)، گریڈافلپ بورن ڈے کیئرسینٹر کی اعزازی ڈائرکٹراور ڈپارٹمنٹ کے کئی کورسیز کی کوآرڈینیٹر کے علاوہ بے شمار کمیٹیوں اور اداروں کی ممبر ہیں۔ان کا تدریسی اور ریسرچ کیریئرتیس سال سے زیادہ عرصے پر محیط ہے۔تیس سے زائد ریسرچ اسکالرزنے ان کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔انھوں نے تقریباً سو سے زائد کلیدی خطبے پیش کیے ہیں۔واضح رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ کا قیام گاندھی جی کے ایما پر1938 میں عمل میں آیاتھا۔قیام کے وقت اس کا نام ٹیچر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ یعنی استادوں کا مدرسہ (ٹی ٹی آئی) تھا ۔یہاں سے تعلیم حاصل کرکے نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرونی ممالک میں بڑی تعداد میں اساتذہ تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔امید ہے کہ پروفیسر جیسی ابراہم کی قیادت میں ڈپارٹمنٹ ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا اورنئی عبارت لکھے گا۔ڈپارٹمنٹ میں منعقد ایک تقریب میں سبھی اساتذہ اور طلبا نے ان کا پرجوش خیر مقدم کیا۔