تاثیر،۲۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بیجنگ، 24 فروری: چین کے صوبے جیانگ سو کے دارالحکومت نانجنگ میںایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 15 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہو گئے۔ جھلسنے والے افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کی تفصیلات دیتے ہوئے چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز نے صوبائی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
گلوبل ٹائمز کے مطابق اس رہائشی عمارت میں آگ جمعہ کی صبح 4 بج کر 39 منٹ پر لگی۔ ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ آگ عمارت کے اندر کھڑی الیکٹرک سائیکلوں کی وجہ سے لگی۔ یہ عمارت 80 لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہر نانجنگ کے یوہواتائی ضلع میں واقع ہے۔ یہ جگہ شنگھائی سے تقریباً 260 کلومیٹر (162 میل) شمال مغرب میں واقع ہے۔ حکام نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی 25 گاڑیوں کی مدد سے صبح 6 بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دوپہر دو بجے کے قریب مکمل کیا گیا۔

