تاثیر،۲۹فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 29 فروری : ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایئر انڈیا ایئر لائنز پر 30 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ایوی ایشن ریگولیٹر نے یہ جرمانہ ممبئی ایئرپورٹ پر ایک 80 سالہ معمر خاتون مسافر کی موت کے معاملے میں لگایا ہے۔سرکاری ذرائع نے جمعرات کو دی گئی معلومات میں بتایا کہ ڈی جی سی اے نے یہ جرمانہ ایئر انڈیا پر کافی وہیل چیئر نہ ہونے کے اصولوں کی خلاف ورزی پر لگایا ہے۔ اس سے قبل ایوی ایشن ریگولیٹر نے ایئر انڈیا کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔ ڈی جی سی اے کے مطابق ایئر انڈیا ایئر لائن کمپنی نے کافی وہیل چیئر نہ ہونے کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی ایئرپورٹ سے متعلق یہ واقعہ 12 فروری کو پیش آیا تھا۔ اس دن ایک 80 سالہ خاتون مسافر بابو پٹیل کو مبینہ طور پر ہوائی اڈے پر وہیل چیئر نہیں دی گئی جس کی وجہ سے مسافر کو خود چلنا پڑا۔ یہ خاتون مسافر چلتے ہوئے گر کر ہلاک ہو گئی تھی۔

