تاثیر،۱۱فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
فتح آباد، 11 فروری : 13 فروری کو کسانوں کے دہلی مارچ کے اعلان کی وجہ سے پنجاب کی سرحد سے متصل ضلع کے جاکھل علاقے میں پولیس چوکس ہے۔ پنجاب کے کسانوں کو ہریانہ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے یہاں پولیس کی طرف سے مکمل تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ انتظامیہ خاص طور پر ہریانہ-پنجاب راستوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ جہاں پولیس کی خصوصی توجہ تھانہ جاکھل کے تحت میوند پولیس چوکی پر ہے۔ پنجاب کے کئی گاؤں اس جگہ سے ملحق ہیں۔ ایسے میں انتظامیہ نے یہاں کیمپ لگا دیاہے۔
میوند بھاکڑا پل پر پولیس نے کرینوں کی مدد سے سیمنٹ کے بڑے بڑے ستونوں کو اٹھا کر سڑک کے بیچ میں رکھ دیا ہے۔ مضبوط بیریکیڈنگ کے لیے ان ستونوں کے ساتھ مٹی سے بھرے تھیلے رکھے گئے ہیں، تاکہ کسانوں کے ٹریکٹر اور دیگر گاڑیاں سڑک عبور نہ کر سکیں۔ یہی نہیں، دہلی کی طرف مارچ کے دوران کسانوں کو فتح آباد ضلع میں زبردستی داخل ہونے سے روکنے کے لیے کولان-جاکھل مین روڈ پر بھاکڑا پل کے قریب سڑک میں تیز دھار کیلیں لگا دی گئی ہیں۔ جاکھل پنجاب کی سرحد سے متصل ہونے کی وجہ سے یہاں پولیس نے خصوصی چوکسی رکھی ہوئی ہے۔ پولیس کی جانب سے کسانوں کو روکنے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی آر پی ایف کے جوانوں کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

