تاثیر،۸فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 8 فروری: دہلی میں کرناٹک کانگریس، کیرالہ ایل ڈی ایف اور اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کو بی جے پی نے تنقید کانشانہ بنایا ہے۔ جمعرات کو مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اتحاد ملک کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس اتحاد کے لیڈر کبھی ہندی کے خلاف تو کبھی ہندووں کے خلاف بیان دیتے رہتے ہیں۔ کانگریس ملک کو تقسیم کرنے کی سیاست کیوں کر رہی ہے؟ کانگریس اتحاد کا یہ کیا تجربہ ہے، ملک اس کا جواب چاہتا ہے۔ تمام (اپوزیشن پارٹیاں) اپنے سیاہ کرتوتوں کو چھپانے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک حکومت نے عوام کو جو گارنٹی دی تھی ، وہ ناکام ہوتی نظر آ رہی ہیں، ہماچل پردیش میں ایک لاکھ سرکاری نوکریوں کا وعدہ کیا گیا تھا، اب وہاں کے وزیر اعلیٰ اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ یہ واضح ہے کہ کانگریس صرف تقسیم کی سیاست کر رہی ہے۔ ای ڈی کی شکایت پر 17 فروری دہلی کی عدالت کے ذریعہ سی ایم اروند کیجریوال کوسمن بھیجے جانے پر مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ جو لوگ بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھاتے تھے، وہ اب بدعنوانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اب انہیں عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔

