گاندھی نگر میں میٹرو ٹرین کا پری ٹرائل رن شروع، دوسرے مرحلے کا کام جاری

تاثیر،۲۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

احمد آباد، 23 فروری : میٹرو ٹرین اب جلد ہی موٹیرا اسٹیڈیم سے گاندھی نگر گفٹ سٹی تک چلے گی۔ میٹرو کے دوسرے مرحلے کے تحت تقریباً 20 کلو میٹر روٹ پر کام آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ گجرات میٹرو ٹرین ریل کارپوریشن تیز رفتاری سے کام کو انجام دینے میں مصروف ہے۔ 32 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے آئیکونک ماڈل روڈ روٹ پر میٹرو ٹرین کا پری ٹرائل رن شروع کر دیا گیا ہے۔ کوبا اسٹیشن سے وزیر اعظم نریندر مودی کی آنجہانی والدہ ہیرابا کی سرکاری رہائش گاہ رائیسن ورنداون بنگلوز کے سامنے ٹریک پر جمعرات کوٹرائل رن کیا گیا۔ تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر روٹ پر ٹرین کی پری ٹرائل رن دیکھنے کے لیے لوگوں کی بھیڑ جمع تھی۔ تاہم، یہ اعلان کیا گیا کہ میٹرو ٹرین کا ٹرائل رن آنے والے مارچ-اپریل میں کیا جائے گا۔ اس لیے اسے پری ٹرائل رن کہا جا رہا ہے۔
اس کے بعد احمد آباد تا گاندھی نگر میٹرو ٹرین کے انتظار میں لوگوں کی خواہشیں جلد ہی پوری ہوں گی ۔ گجرات میٹرو ٹرین ریل کارپوریشن آنے والے مارچ-اپریل کے مہینے میں موٹیرا اسٹیڈیم سے گاندھی نگر سیکٹر 1 تک میٹرو ٹرین کا ٹرائل رن کرنے کا امکان ہے۔ میٹرو ریل فیزٹو کے تحت سابرمتی موٹیرا اسٹیڈیم سے گاندھی نگر گفٹ سٹی تک میٹرو ٹرین چلائی جائے گی۔ اس کے تحت کام کا آخری مرحلہ تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے احمد آباد-گاندھی نگر میٹرو ٹرین ریل پروجیکٹ کے تحت موٹیرا تا گاندھی نگر روٹ فیز 2 پر مختلف مقامات پر ریلوے روٹ اور اسٹیشن کے کاموں کا معائنہ کیا تھا۔ دریائے سابرمتی پر گفٹ سٹی کے قریب شاہ پور پل کے 23 اسپین کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
معلومات کے مطابق ہر اسپین کا کام ریکارڈ 6 دن میں مکمل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ بجلی کی فراہمی اور سگنل کے لیے ریلنگ، میٹرو ٹریک، تھرڈ ریل کا کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔ یہ تمام کام آنے والے مارچ اپریل میں میٹرو کے ٹرائل رن شروع ہونے سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔
موٹیرا سے گاندھی نگر تک 22 اسٹیشن
موٹیرا سے گاندھی نگر تک 22 اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ان میں کوٹیشور روڈ، وشوکرما کالج، تپوون سرکل، نرمدا کینال، کوبا سرکل، جونا کوبا، کوبا گام، جی این ایل یو، پی ڈی پی یو، گفٹ سٹی، رائسن، راندیسن، دھولاکووا سرکل، انفوسٹی، سیکٹر-1، سیکٹر-10اے ، سکریٹریٹ ، اکشردھام، جونا سکریٹریٹ، سیکٹر-16، سیکٹر-24، مہاتما مندر شامل ہیں۔