ہاتھی کے حملے سے نوجوان کی موت کے بعد مشتعل گاوں والوں نے پولیس اور محکمہ جنگلات کی ٹیم پر کیا پتھراو

تاثیر،۲۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

انوپ پور، 23 فروری: ضلع کے جیتہری فاریسٹ رینج کے گوبری جنگل میں ایک ہاتھی نے جمعرات کی دیر شام 50 سالہ ایک شخص کو کچل دیا، جس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس واقعہ سے ناراض ہو کر گاوں والوں اور ان کے اہل خانہ نے محکمہ جنگلات کی ٹیم پر حملہ کر دیا، جس پر رینجر نے گاوں والوں پر گولی چلا دی۔ جس کی وجہ سے دو افراد کو گولیاں لگی ہیں، حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں۔
معلومات کے مطابق چھتیس گڑھ سے آئے ہاتھیوں کا گروہ ضلع میں ڈیڑھ ماہ سے غدر مچا رہا ہے اور کسانوں کے گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ جمعرات کی رات ایک ہاتھی جنگل سے نکل کر کھیتوں میں گندم کی فصل کو چر رہا تھا کہ گاو?ں والوں نے اسے بھگانے کی کوشش کی۔ اسی دوران مشتعل ہاتھی گاوں والوں کے پیچھے دوڑا اور پگنا گاوں کے 50 سالہ گیان چند گوڑ کو کچل دیا، جس کی وجہ سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
اس کے بعد مشتعل گاوں والوں نے محکمہ جنگلات اور پولیس پر پتھراو کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ اس حملے میں پولیس اور فاریسٹ اہلکار زخمی ہوگئے۔ کئی سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ مشتعل گاوں والوں نے دیر رات تک احتجاج جاری رکھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کلکٹر آشیش وششٹھ، پولیس سپرنٹنڈنٹ جتیندر سنگھ پوار، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیو کمار سنگھ اور سب ڈویڑنل افسر انوپ پور سمت کیرکیٹا سمیت پورا انتظامی عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ گاوں والوں کو سمجھا کر معاملہ پرسکون کرایا۔ اس حملے میں جیتہری پولیس اسٹیشن میں تعینات کانسٹیبل راہل چوہان زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کے لیے جیتہری کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا۔
جوابی کارروائی میں پولیس کی طرف سے چلائی گئی گولیاں گاوں والے رام پرساد اور کیشو کو لگیں۔ ایک کے ہاتھ اور دوسرے کے سینے میں گولیاں لگیں۔ انہیں علاج کے لیے انوپ پور ڈسٹرکٹ اسپتال کے بعد شہڈول میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے۔ دونوں زخمی صحت مند ہیں، متوفیٰ کا بیٹا آخری رسومات کے لیے گاوں پہنچ گیا ہے، جب کہ سینے میں گولی لگنے والا دوسرا زخمی بھی مکمل صحت مند ہے۔ کلکٹر نے دونوں زخمیوں سے بات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔